Headlines

رام للا کی پران پرتشٹھا میں شامل ہوا امبانی کنبہ، مندر کے لئے دیا 2.51 کروڑ کا عطیہ

Ambani Family Donation of Rs 2.51 Crore

رام للا کی پران پرتشٹھا میں شامل ہوا امبانی کنبہ، مندر کے لئے دیا 2.51 کروڑ کا عطیہ

ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی اور ان کے خاندان کے افراد نے ایودھیا میں پران پرتشٹھا تقریب میں شرکت کی۔ امبانی کنبہ نے آج رام للا کی پران پرتشٹھا کے تاریخی موقع پر شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کو 2.51 کروڑ روپے کے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

ایودھیا : آج ایودھیا کے رام مندر میں بھگوان رام للا کی پران پرتشٹھا کی تقریب پورے عقیدت و احترام ساتھ منعقد ہوئی ۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی اور ان کے خاندان کے افراد نے ایودھیا میں پران پرتشٹھا تقریب میںشرکت کی۔ امبانی کنبہ نے آج رام للا کی پران پرتشٹھا کے تاریخی موقع پر شری رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کو 2.51 کروڑ روپے کے عطیہ دینے کا اعلان کیا۔

مکیش امبانی اپنی اہلیہ نیتا امبانی اور بچوں کے ساتھ شری رام جنم بھومی مندر میں پران پرتشٹھا کے موقع پر موجود تھے۔ ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین مکیش امبانی نے کہا کہ آج بھگوان رام کی آمد ہورہی ہے، 22 جنوری کو پورے ملک کیلئے رام دیوالی ہوگی۔

ریلائنس جیو کے چیئرمین آکاش امبانی بھی اپنی اہلیہ شلوکا مہتا کے ساتھ رام مندر میں موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن تاریخ کے اوراق میں لکھا جائے گا، ہمیں یہاں آکر خوشی ہے۔ اس تقریب میں اننت امبانی بھی نظر آئے۔ اس پروگرام میں اننت امبانی کی منگیتر رادھیکا مرچنٹ بھی موجود تھیں۔ امبانی خاندان ‘پران پرتشٹھا’ کی تقریب منانے کے لئے ایک ساتھ ایودھیا کے شری رام مندر پہنچے تھے۔

بتادیں کہ 22 جنوری کو ایودھیا کے رام مندر میں رام للا وراجمان ہوگئے ہیں ۔ شنکھ ناد اور منتروں کے جاپ کے درمیان رام للا اپنے گربھ گرہ میں وراجمان ہوئے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے ’شبھ مہورت‘ میں رام للا کی پران پرتشٹھا کی۔ اس کے بعد ایودھیا جئے شری رام کے نعروں سے گونج اٹھا۔ اس کے بعد رام مندر احاطے میں ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کی گئی۔