Headlines

اے اے پی کے اسٹار کمپینروں کی لسٹ جاری، جیل میں بند کیجریوال اور سسودیا کے بھی نام شامل

 دلچسپ بات یہ ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور ستیندر جین کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جب کہ یہ تینوں اس وقت دہلی ایکسائز گھوٹالے کے سلسلے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔

احمد آباد : عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے منگل کو آئندہ لوک سبھا انتخابات میں گجرات کے لئے اپنے اسٹار کمپنیروں کی فہرست جاری کردی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور ستیندر جین کے نام بھی اس فہرست میں شامل ہیں، جب کہ یہ تینوں اس وقت دہلی ایکسائز گھوٹالے کے سلسلے میں دہلی کی تہاڑ جیل میں بند ہیں۔

وزیراعلی اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال کا نام بھی گجرات میں عام آدمی پارٹی کے اسٹار کمپینروں کی فہرست میں شامل ہے۔ پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان بھی گجرات میں عام آدمی پارٹی کے لئے انتخابی مہم چلاتے نظر آئیں گے۔

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے 21 مارچ کو وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ کیجریوال اس وقت عدالتی حراست میں ہیں۔

گجرات کی 26 لوک سبھا سیٹوں میں سے اے اے پی بھروچ اور بھاو نگر سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے، جب کہ اپوزیشن اتحاد ‘انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس’ (‘انڈیا’) میں اس کی اتحادی کانگریس باقی 24 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے۔