Headlines

وزیراعظم مودی نے گجرات سے پورے ملک کو دی 48000 کروڑ روپے سے زیادہ کی سوغات

وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک کے سبھی بڑے پروگرام دہلی میں ہی ہوکر رہ جاتے تھے۔ میں نے حکومت ہند کو دہلی سے نکال کر ملک کے کونے کونے میں پہنچا دیا ۔

راجکوٹ : وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب ملک کے سبھی بڑے پروگرام دہلی میں ہی ہوکر رہ جاتے تھے۔ میں نے حکومت ہند کو دہلی سے نکال کر ملک کے کونے کونے میں پہنچا دیا ۔ آج کا یہ پروگرام بھی اسی بات کا گواہ ہے۔ آج اس ایک پروگرام کے ذریعے ملک کے کئی شہروں میں ترقیاتی کاموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جانا… ایک نئی روایت کو آگے بڑھا رہا ہے۔

راجکوٹ میں گجرات کے پہلے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (AIIMS) کا افتتاح کرنے کے بعد ریس کورس کے میدان میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا کہ میں نے آپ کے اعتماد پر پورا اترنے کی پوری کوشش کی ہے۔ آج پورا ملک اتنا پیار اور آشیرواد دے رہا ہے، تو اس کا حقدار یہ راجکوٹ بھی ہے۔ آج پورا ملک تیسری بار این ڈی اے حکومت کو آشیرواد دے رہا ہے اور اس بار پورا ملک 400 پار کا بھروسہ دے رہا ہے۔

پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے چار دیگر نو تعمیر شدہ AIIMS کا بھی ڈیجیٹل طور پر افتتاح کیا، جو کہ بھٹنڈہ (پنجاب)، رائے بریلی (اتر پردیش)، کلیانی (مغربی بنگال) اور منگلاگیری (آندھرا پردیش) میں واقع ہیں۔ وزیر اعظم نے 48 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا ۔