Headlines

غزہ میں نئی تباہی کی آہٹ! اسپتالوں میں ہزاروں مریضوں کی جاسکتی ہے جان، جانئے وجہ

غزہ میں نئی تباہی کی آہٹ! اسپتالوں میں ہزاروں مریضوں کی جاسکتی ہے جان، جانئے وجہ

خان یونس (غزہ پٹی) : اسرائیل کی فوج کی کارروائی سے پہلے غزہ میں ڈاکٹروں نے اتوار کے روز خبردار کیا کہ اگر زخمیوں سے بھرے ہوئے اسپتالوں میں ایندھن، ادویات اور بنیادی سامان کی کمی ہوئی تو ہزاروں مریض کی موت ہوسکتی ہے ۔ اسرائیلی حملے سے قبل شہری خوراک، پانی اور محفوظ جگہ تلاش کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ گزشتہ ہفتہ حماس کے غیر متوقع حملے کے بعد اسرائیل نے غزہ کے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور فلسطینیوں کو شمالی علاقوں سے نکل کر جنوب کی طرف بڑھنے کا حکم دیا ہے۔ اس علاقے میں امریکی جنگی جہازوں کی بڑھتی ہوئی تعیناتی کے بعد اسرائیلی فوج غزہ کی سرحد پر متحرک ہوگئی ہے۔ اسرائیل نے کہا ہے کہ وہ شدت پسند گروپ حماس کے خاتمے کے لیے ایک جامع مہم شروع کرے گا۔

غزہ کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے اب تک 2,329 فلسطینیوں کی موت ہوچکی ہے۔ یہ تعداد 2014 میں اسرائیل اور غزہ کے درمیان شروع ہوئی لڑائی سے زیادہ ہے۔ یہ جنگ چھ ہفتے سے زیادہ جاری رہی تھی۔ اس لڑائی میں 1,300 سے زیادہ اسرائیلی مارے جا چکے ہیں، جن میں سے زیادہ تر شہری حماس کے 7 اکتوبر کے حملے میں مارے گئے ۔ بچوں سمیت 150 کے قریب افراد کو حماس نے یرغمال بنا لیا اور غزہ لے گئے۔

اقوام متحدہ اور امدادی گروپوں نے کہا ہے کہ اتنی تیزی سے نقل مکانی کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی جانب سے 40 کلومیٹر طویل ساحلی علاقے کی مکمل ناکہ بندی ایک شدید انسانی بحران کا باعث بنے گی۔ اقوام متحدہ کے مطابق غزہ کا واحد پاور پلانٹ ایندھن کی کمی کے باعث مکمل طور پر بند ہو گیا ہے۔