Headlines

مظفرنگر تھپڑ کیس: بچہ کا داخلہ پرائیویٹ اسکول میں کرائیں، سپریم کورٹ کی یوپی حکومت کو ہدایت

مظفرنگر تھپڑ کیس: بچہ کا داخلہ پرائیویٹ اسکول میں کرائیں، سپریم کورٹ کی یوپی حکومت کو ہدایت

سپریم کورٹ نے پیر کے روز اتر پردیش حکومت سے کہا ہے کہ مظفر نگر ضلع میں اپنا ہوم ورک پورا نہیں کر پانے پر جس طالب علم کو اس کی ٹیچر کے کہنے پر تھپڑ مارا گیا تھا، اس کو وہاں کسی پرائیویٹ اسکول میں داخلہ دلایا جائے۔

نئی دہلی : سپریم کورٹ نے پیر کے روز اتر پردیش حکومت سے کہا ہے کہ مظفر نگر ضلع میں اپنا ہوم ورک پورا نہیں کر پانے پر جس طالب علم کو اس کی ٹیچر کے کہنے پر تھپڑ مارا گیا تھا، اس کو وہاں کسی پرائیویٹ اسکول میں داخلہ دلایا جائے۔ ریاستی محکمہ تعلیم نے جسٹس ابھے ایس اوکا اور پنکج میتھل کی بنچ کو بتایا کہ وہ سی بی ایس ای سے وابستہ ایک پرائیویٹ اسکول میں متاثرہ بچے کو داخلہ دلانے پر غور کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دے رہا ہے۔ محکمہ کے وکیل نے کہا کہ صرف اترپردیش بورڈ سے وابستہ اسکول ہی اس کے دائرہ اختیار میں ہیں۔

جسٹس اوکا نے کہا کہ بچے کے داخلہ کے لئے کمیٹی بنانے کی کیا ضرورت ہے؟ کمیٹی کیا کرے گی؟ اپنے اعلیٰ افسران سے کہئے اور وہ اسکول کے پرنسپل سے بات کریں گے جو داخلہ پر غور کریں گے۔ عدالت کے سامنے ایسا رویہ اختیار مت کریں۔ مجھے نہیں لگتا کہ کوئی بھی اسکول معاملہ کے حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ نہیں کرے گا۔ براہ کرم ہمیں جمعہ تک تعمیل کے بارے میں مطلع کریں۔