Headlines

شراب گھوٹالہ کیس: اروند کیجریول کو ای ڈی نے بھیجا نوٹس، جانئے کیوں، کیا تھا چارج شیٹ میں؟

شراب گھوٹالہ کیس: اروند کیجریول کو ای ڈی نے بھیجا نوٹس، جانئے کیوں، کیا تھا چارج شیٹ میں؟

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں پوچھ گچھ کے لئے 2 نومبر کو طلب کیا ہے۔ اس سے پہلے منیش سسودیا اور سنجے سنگھ اسی کیس میں جیل میں بند ہیں۔

نئی دہلی : دہلی شراب گھوٹالہ کیس میں منیش سسودیا اور سنجے سنگھ کے بعد اب اروند کیجریوال کا نام بھی شامل ہوتا نظر آرہا ہے۔ دہلی ایکسائز پالیسی معاملہ کی جانچ کی آنچ وزیر اعلی اروند کیجریوال تک پہنچ گئی ہے اور اب ای ڈی نے سمن جاری کردیا ہے۔ ای ڈی یعنی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ معاملہ میں پوچھ گچھ کے لئے 2 نومبر کو طلب کیا ہے۔ اس سے پہلے منیش سسودیا اور سنجے سنگھ اسی کیس میں جیل میں بند ہیں۔

دراصل عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال کو پی ایم ایل اے یعنی پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت سمن جاری کیا گیا ہے اور ذرائع کے مطابق دہلی میں کیس کے تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کے بعد ایجنسی وزیر اعلیٰ کا بیان ریکارڈ کرے گی۔ ای ڈی نے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کو ایسے وقت میں پوچھ گچھ کے لئے بلایا ہے جب آج یعنی پیر کو سپریم کورٹ نے منیش سسودیا کو جھٹکا دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے آج عام آدمی پارٹی کے لیڈر اور دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کی دو الگ الگ ضمانت کی درخواستوں کو مسترد کر دیا۔

دراصل ای ڈی نے دہلی شراب گھوٹالہ معاملے میں داخل اپنی چارج شیٹ میں اروند کیجریوال کے نام کا کئی بار ذکر کیا ہے اور کہا ہے کہ ملزم دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 کو تیار کرنے اور لاگو کرنے کے سلسلہ میں عام آدمی پارٹی لیڈر کے رابطے میں تھے۔ تاہم بعد میں اس ایکسائز پالیسی کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اس ماہ کے شروع میں گرفتار کئے گئے اے اے پی ممبر پارلیمنٹ سنجے سنگھ سے پوچھ گچھ کی بنیاد پر کیس میں کچھ نئے انکشافات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ نئے سراغوں پر اروند کیجریوال سے وضاحت طلب کی جائے گی۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں پوچھ گچھ کے لئے بلایا گیا ہے۔