Headlines

انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیرمقدم : جماعت اسلامی ہند

انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کے لئے اقوام متحدہ کی قرارداد کا خیرمقدم : جماعت اسلامی ہند

امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کا خیرمقدم کیا جس میں غزہ پٹی میں فوری طور پردیرپا، پائیدار اور ’انسانی بنیادوں پرجنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔

ئی دہلی:  امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کا خیرمقدم کیا جس میں غزہ پٹی میں فوری طور پردیرپا، پائیدار اور ’انسانی بنیادوں پرجنگ بندی‘ کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ امیر جماعت نے دستخط کرنے والے ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ اس قرارداد کے فوری نفاذ کو یقینی بنائیں۔  لاکھوں فلسطینیوں کی خوراک، پانی، طبی امداد، مواصلات اور بجلی سے محرومی اور ہزاروں معصوم جانوں کا المناک نقصان، وقت کا سب سے بڑا انسانی بحران ہے جو بین الاقوامی برادری سے ٹھوس عملی اقدامات کا تقاضا کرتا ہے ۔

تاہم امیر جماعت اسلامی ہند نے اس اہم قرارداد پر ووٹنگ میں ہندوستان کی عدم شرکت پر اپنی مایوسی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان ہمیشہ فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کرنے اور اسرائیل کے استعماری مظالم کی شدید مخالفت کرنے والی ایک نمایاں آواز رہا ہے۔ ہندوستان کے تاریخی ریکارڈ میں 1947 میں اسرائیل کے قیام کے خلاف ایک اہم ووٹ اور فلسطین کے حق میں کئی فیصلہ کن ووٹ شامل ہیں۔ اس اصولی موقف کو، بر پارٹی کی حکومت نے برقرار رکھا ہے اور حالیہ بحران کے دوران حکومت ہند کی طرف سے بھی فلسطینی کاز کی حمایت کا اعادہ کیا گیا ہے۔اس ریکارڈ کے ساتھ، اس اہم ووٹنگ سے ہندوستان کا غیر حاضر رہنا چونکا دینے والا اور انتہائی مایوس کن ہے ۔

امیرجماعت اسلامی ہند نے موجودہ صورتحال کے تناظر میں عالمی برادری سے جنگ بندی اور پرامن حل کے حصول کے لئے فوری اور فیصلہ کن اقدام کرنے کی پر زور اپیل کی ہے۔ نیز استحکام، انسانی امداد، اور تنازع کی بنیادی وجوہات کو حل کرنے کے لیے مذاکرات  کی ضرورت پر زور دیا ہے۔