Headlines

ہندستان کو سائنٹفک فکر دینے میں سر سید نے ادا کیا کلیدی کردار، دانشوروں کا اظہار خیال

دانشوروں نے جہاں سر سید احمد کے تعلیمی مشن کو گاؤں گاؤں قریہ قریہ تک لے جانے پر زور دیا تو وہیں انہوں نے دین کے ساتھ سائنسی علوم کو حاصل کرنے پر ترغیب دی

ہندستان کو سائنٹفک فکر دینے میں سر سید نے ادا کیا کلیدی کردار، دانشوروں کا اظہار خیال

دانشوروں نے جہاں سر سید احمد کے تعلیمی مشن کو گاؤں گاؤں قریہ قریہ تک لے جانے پر زور دیا تو وہیں انہوں نے دین کے ساتھ سائنسی علوم کو حاصل کرنے پر ترغیب دی ۔

بھوپال : علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے بانی سر سید احمد خان کی یوم ولادت کے موقع پر بھوپال میں اے ایم یو اولڈ بوائزایسو سی ایشن کے زیر اہتمام قومی سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ قومی سمینار میں ملک کے ممتاز دانشوروں نے شرکت کی اور سر سید کے افکار و نظریات پر روشنی ڈالتے ہوئے سر سید احمد خان کے سائنسی نظریات کے فروغ کو وقت کی ضرورت سے تعبیر کیا۔ دانشوروں نے جہاں سر سید احمد کے تعلیمی مشن کو گاؤں گاؤں قریہ قریہ تک لے جانے پر زور دیا تو وہیں انہوں نے دین کے ساتھ سائنسی علوم کو حاصل کرنے پر ترغیب دی ۔

پروگرام کی خاص بات یہ تھی کہ اس میں تمام مکتب فکر کے مذہبی رہنماؤں کے ساتھ ممتاز دانشوروں کو شامل کیا گیا تھا۔ پروگرام میں سید مشتاق علی ندوی، قاضی شہر بھوپال، مہنت سری وجے داس، آرک بشپ سیبسٹین دورئی راج، مولانا ڈاکٹر سید رضی الحسن حیدری، سردار پرم ویر سنگھ، بھنتے ساگر، شیخ ظوہیر قاسم علی، صوفیافاروقی، نواب رضا، منظر بھوپال، ایم ڈبلیو انصاری، ڈاکٹر اعظم علی خان، ڈاکٹر کاشف انور نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

پروگرام کا افتتاح حافظ مجیب الرحمن نے قران کریم کی تلاوت سےکیا۔بعد از آں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کے سکریٹری ڈاکٹر ابوکاشف نے اولڈ بوائز ایسو سی ایشن کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی  آفاق احمد نے سر سید مشن کو لیکر بھوپال کی سماجی تنظیموں کے ذریعہ کئے جارہے ہیں کام کو تفصل سے پیش کیا۔

سر سید کے افکار کی معنویت پر کلیدی خطہ پیش کرتے ہوئے ممتاز ادیب و مفکر ڈاکٹر مہتاب عالم نے سر سید احمد کی تعلیمی تحریک پر تفصیل سے روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سر سید کے مشن میں دینی علوم کے ساتھ عصری علوم کا حسین سنگم تھا اور آج انہیں افکار کی روشنی میں ہندستان نےچندریان پر قدم رکھا ہے۔ سر سید پہلے ہندستانی تھے جنہوں نے ہندستانیوں میں سائنسی مزاج پیدا کرنے پر سائئنٹفک سوسائٹی قائم کی تھی ۔انہوں نے آگے کہا کہ سر سید نے جس ایجوکیشنل کانفرنس کے ذریعہ ہندستان میں تعلیمی تحریک برپا کی تھی اسی کے سبب شمالی ہندستان کے بیشتر اضلاع میں انجمن اسکول قائم ہوئے تھے۔آج اس تحریک سے نئی روشنی لتیے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔۔ڈاکٹر مہتاب عالم نے بھوپال سے سائنٹفک سو سائٹی پر نئے سرے سے کام کرنے پر زوردیا۔ڈاکٹر مہتاب عالم نے سر سید احمد خان کے بھوپال سے خاص رشتہ اور نوابین بھوپال کے ذریعہ سر سید مشن کے لئے کئے گئے کام پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی۔

پروگرام کے مہمان ذی وقارنواب رضا نے سر سید احمد خان اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے کردار پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہ سر سید کے مشن کو اس وقت تک شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتاہے جب تک ہم تعلیم کو لیکر عملی اقدام نہ کریں۔ سر سید نے تھیوری سے زیادہ عملی کام کرنے پر زور دیاتھا۔انہوں نے چیزوں کو نئے نظرئے سے دیکھنے اور سائنسی شعورپیدا کرنے پر بھی زوردیا۔ پروگرام میں مہمان اعزازی صوفیا فاروقی ولی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔ صوفیا فاروقی ولی نے سر سید کے تعلیمی مشن کے لئے تعلیم کے لئے راہ ہموار کرنے پر سبھی کی توجہ مبذول کی۔