ماہی گیری کے جہاز ’’ازینی‘‘ کو گزشتہ ماہ کے اوائل میں مسلح قزاقوں کے ایک گروہ نے اغوا کر لیا تھا۔
پی ٹی آئیئی
نئی دہلی، 3 نومبر
بھارتی بحریہ نے صومالیہ کے قریب قزاقوں کے ہاتھوں اغوا کیے جانے کے کئی ہفتوں بعد 20 ایرانی شہریوں پر مشتمل عملے کے ساتھ ایک ماہی گیری کے جہاز کو بحفاظت آزاد کرا لیا ہے۔
بحریہ نے منگل کے روز بتایا کہ جہاز ’’ازینی‘‘ کو گزشتہ ماہ کے اوائل میں مسلح قزاقوں کے ایک گروہ نے اغوا کر لیا تھا۔
بحریہ کے مطابق، اس کارروائی کے نتیجے میں جہاز کے تمام 20 عملے کے ارکان کو بحفاظت بچا لیا گیا۔ اس دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی زخمی ہوا۔
نئی دہلی میں ایرانی سفارت خانے نے ماہی گیری کے جہاز کے 20 ایرانی عملے کے ارکان کو بچانے کے لیے کی گئی ’’کامیاب کارروائی‘‘ پر حکومتِ ہند، بھارتی بحریہ اور بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف) کا ’’دلی شکریہ‘‘ ادا کیا۔
بھارتی بحریہ نے کہا کہ جہاز کا اغوا سمندری سلامتی کے لیے ایک ’’سنگین خطرہ‘‘ تھا، کیونکہ خدشہ تھا کہ اسے تجارتی جہازوں پر مزید حملے کرنے کے لیے ’’مدر شپ‘‘ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بحریہ کے مطابق، اس نے مداخلت کے لیے پہلے سے تعینات ایک جنگی جہاز کو روانہ کیا، جسے ایک سمندری نگرانی کرنے والے طیارے کی مدد بھی حاصل تھی۔
بحریہ نے ایک بیان میں کہا، ’’ان پلیٹ فارمز نے جہاز کا پتا لگایا، اس کی نقل و حرکت پر نظر رکھی اور اس کی پیش قدمی کو محدود کرنے اور فرار ہونے سے روکنے کے لیے مرحلہ وار غیر فوجی اقدامات کیے۔‘‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ بھارتی فضائیہ کے سی-17 طیارے کے ذریعے خصوصی تربیت یافتہ میرین کمانڈوز کو انتہائی درست فضائی طریقے سے جہاز پر اتارا گیا۔
بھارتی بحریہ نے کہا، ’’تیز رفتار اور بہتر تال میل کے ساتھ کی گئی اس حکمتِ عملی پر مبنی کارروائی میں بحریہ نے جہاز کو اپنے کنٹرول میں لیا، قزاقوں کے خطرے پر قابو پایا اور عملے کے تمام 20 ارکان کی بحفاظت رہائی کو یقینی بنایا۔‘



