تیزی کے ساتھ ترقی کررہاٹمکور شہربہت جلد گریٹر بنگلو ر بنے گا:پرمیشور

ٹمکور:19ستمبر(سالارنیوز)بنگلور شہر کی طرز پر تیزی کے ساتھ ترقی کی جانب بڑھ رہاٹمکور گریٹر بنگلور بنے گا۔یہ با ت ریاستی وزیر برائے داخلہ وضلع نگران کار ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔انہوں نے یہاں ٹمکور شہر میں قائم ضلع کی اہم صنعتوں کے سی ای اوز اور سرمایہ کاروں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کئی چیلنجز کا سامنا کررہے صنعتوں کے شعبے میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے کارنامے انجام دینے او ر مالی طورپر ترقی کر کے خدمت کے تعلق سے اپنا الگ ہی مقام بنانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں اعزاز سے نوازاجارہاہے،یہ نہایت فخر کی بات ہے۔ تمام شعبوں میں صنعتوں کی دین اہم ہے،ضلع سرمایہ کاروں کیلئے بہترین مرکز ماناجارہاہے اورضلع میں انڈسٹریل زون کی مجموعی ترقی اورتوسیع کیلئے ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔سافٹ ویئر کی صنعت میں ریاست کی حصہ داری 60فیصد ہے،اب ہارڈ ویئر کی صنعت کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دینی ہوگی۔مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے ضلع میں اچھے مواقع ہیں۔وزیر داخلہ نے کہاکہ چندریان میں مقامی صنعتوں کا کردار اہم رہاہے،اسی طرح میٹرو ریل پراجیکٹ کو بھی ٹمکور تک توسیع کئے جانے کا منصوبہ زیر غور ہے۔پرمیشور نے کہاکہ ٹمکور ضلع کے پاؤگڑھ میں دنیا کا تیسر اسب سے بڑا سولار پلانٹ قائم ہواہے،میڈیکل کے شعبے میں، اینٹرٹائن منٹ،انوویشن کے شعبے کیلئے بھی ٹمکو ر میں اچھے مواقع ہیں۔ضلع میں منعقدہ اس پروگرام میں صنعتوں کے شعبے سے جڑے بہت سارے افراد نے حصہ لیاہے،تمام صنعتیں ضلع میں قائم کی جائیں۔ڈپٹی کمشنر کے سرینواس نے کہاکہ روڈز،ریلوے لائن،پانی کی فراہمی سمیت دیگر تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ضلع انتظامیہ تیارہے۔ایف کے سی سی ڈائرکٹر سگنان ہیرے مٹھ نے کہاکہ ضلع میں صنعتوں کے قیام کیلئے اچھے مواقع ہیں، ان موقعوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے صنعتیں قائم کی جائیں۔ضلع پنچایت سی ای او جی پربھونے بھی خطاب کیا۔اس کانفرنس میں ریاستی وزیر برائے کوآپریشن کے این راجنا،ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کے وی، کارپوریشن کمشنر اشویجا،ڈسٹرکٹ انڈسٹریز سنٹر کے جوائنٹ ڈائرکٹر کنگاراجو،ڈپٹی ڈائرکٹر ناگراجو کے علاوہ دیگر مختلف صنعت کار اور منتخب نمائندے موجود تھے۔