نواز شریف کی 15 /اکتوبر کووطن واپسی

لندن۔4ستمبر (ایجنسی)پاکستان کے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف 15 اکتوبر کو لندن سے وطن واپسی کے لئے روانہ ہوں گے۔مسلم لیگ ن کے ذرائع کے حوالے سے میڈیا میں سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف 15 اکتوبر کو چارٹرڈ کے بجائے مسافر طیارے کے ذریعے لندن سے پاکستان کے لیے روانہ ہوں گے اور لاہور پہنچیں گے۔ ان کی صاحبزادی اور پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز ان کے استقبال کیلئے تیاریوں میں مصروف ہیں۔پارٹی ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف نے اسلام آباد کے بجائے لاہور آنے کا فیصلہ کیا ہے اور ان کی وطن واپسی عام پرواز سے ہوگی۔پارٹی ذرائع کے مطابق نواز شریف نے مرکزی قیادت کو استقبال کے لئے ٹاسک سونپ دیا ہے۔
، مریم نواز استقبالی معاملات کی نگرانی کر رہی ہیں اور تنظیمی عہدیداران کو استقبالیہ جلسے میں زیادہ سے زیادہ لوگ لانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔