ایشین چیمپئن ہاکی،جاپان نے جیتا برانز میڈل

RushdaInfotech August 13th 2023 urdu-news-paper
 ایشین چیمپئن ہاکی،جاپان نے جیتا برانز میڈل

چنئی، 12اگست (یو این آئی) جاپان نے کوریا کو کانسی کے تمغے کے سنسنی خیز مقابلے میں 5-3 سے شکست دے کر ہفتہ کو ایشین چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں تیسرا مقام حاصل کر لیا۔میئر رادھا کرشنن اسٹیڈیم میں فاتح ٹیم کے لیے ریوما یوکا (تیسرے منٹ)، ریوسی کیتو (9ویں منٹ)، کینٹارو فوکوڈا(28ویں منٹ)، شوٹا یاماڈا(53ویں منٹ) اور کین ناگایوشی(56ویں منٹ) نے گول داغے۔ کوریا کے لیے جونگہیون جان(15ویں، 33ویں منٹ) نے دو گول کیے جبکہ کیونگ پارک(26ویں منٹ) نے گول کیا، حالانکہ وہ اپنی ٹیم کو جیت نہیں دلا سکے۔جاپان نے اس مقابلے کی شروعات اور اختتام دونوں ہی کوریا کے دفاع کو توڑتے ہوئے کیا۔ یوکا نے میچ کے تیسرے منٹ میں جاپان کا پہلا گول کیا۔ چھ منٹ بعد کیٹو نے کوسی کاوابے اور کینٹارو فوکوڈا کے عمدہ تال میل سے جاپانی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔کورین ٹیم ہاف ٹائم کے بعد بھلے ہی واپسی نہ کر سکی ہو لیکن اس سے پہلے وہ جاپانی سرکل میں جگہ بناتی نظر آئی۔ پہلے کوارٹر کے آخری لمحات میں کوریا کو پنالٹی کارنر ملا جسے ڈریگ فلکر ژانگ نے اپنی ٹیم کے لیے کھاتہ کھولنے میں تبدیل کر دیا۔دوسرے کوارٹر میں جاپان نے لگاتار تین پنالٹی کارنرز حاصل کیے لیکن تینوں ہی رائیگاں گئے۔ دوسری جانب پارک نے وو چیون جی کے ریورس ہاکی اسٹک شاٹ کو سمت دکھاکر کوریا کے لیے اسکور برابر کردیا۔ پارک کے گول کے ایک منٹ بعد، کوسی کاوابے نے دائیں طرف سے کورین ہاف میں جگہ بنائی اور فوکوڈا نے گول کرکے جاپان کو 3-2 سے آگے کردیا۔ہاف ٹائم کے بعد بھی دونوں ٹیموں کے درمیان تیز رفتار ہاکی کا سلسلہ جاری رہا۔ ناگایوشی 31ویں منٹ میں جاپان کے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرنے میں ناکام رہے لیکن دو منٹ بعد کوریا کے کپتان جانگ نے پنالٹی کو گول میں تبدیل کرکے اسکور برابر کر دیا۔میچ کے 53ویں منٹ تک دونوں ٹیمیں برابر تھیں جس کے بعد یاماڈا کا گول جاپان کی جیت میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
گول زیادہ شاندار نہیں تھا لیکن یاماڈا نے سرکل کے بیچ میں کاوابے کے پاس کو ریورس اسٹک سے کھیل کر جاپان کو 4-3 کی برتری دلا دی۔کوریا کے دفاع نے تین منٹ بعد غلطیاں کیں، اور ناگایوشی نے بالآخر پنالٹی اسٹروک پر گول کر کے جاپان کی برتری کو 5-3تک بڑھا دیا۔ کوریا نے اختتامی منٹوں میں جاپانی سرکل کے اندر کئی حملے کئے لیکن کوئی بھی گول کیپر کا امتحان لینے کے لیے کافی نہیں تھا۔


Recent Post

Popular Links