آم مارکیٹ میں بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کا مطالبہ: یادداشت پیش
سرینواس پور:26مئی (سالارنیوز) رعیت سنگھا کی جانب سے یہاں اے پی ایم سی مارکیٹ کے سامنے سڑے گلے آم کے ساتھ مظاہرہ کرتے ہوئے افسروں کو یادداشت پیش کرکے مطالبہ کیا گیا کہ آم کے مارکیٹ میں بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں اور کمیشن، سفید چھٹی نظام پر قابو پانے خصوصی ٹیم تشکیل دی جائے اور کسانوں ومزدوروں کی صحت کی حفاظت کی جائے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سنگھا کے ریاستی کنوینر بنگاوادی ناگراج گوڈا نے کہا کہ آم کیلئے مشہور تعلقہ کے مارکیٹ کی ترقی کیلئے گذشتہ 40سال سے ریڈی سوامی ناکام ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اگر بارش ہوئی تو مارکیٹ تالاب میں تبدیل ہوجاتا ہے اور آم کی فی ٹن فصل پر ایک ہزار روپئے کمیشن نکال کر نیلام کیاجاتا ہے جس سے کاشتکاروں کو نقصان ہوتا ہے۔ بیرونی ریاستوں سے آنے والے مزدوروں کو مارکیٹ میں بنیادی سہولتیں فراہم نہیں ہیں۔مزدوروں میں خواتین بھی شامل ہیں جنہیں بیت الخلاء کی سہولت نہ ہونے سے کافی پریشانی کا سامنا ہے۔ سنگھا کے تعلقہ صدر آنجنپا نے الزام لگایا کہ آم کاشتکاروں کے مسائل حل کرنے میں افسر ناکام ہیں۔ اس موقع پر نارائن گوڈا، نلنی گوڈا، منجوناتھ، شیخ شفیع اللہ، بھاسکر، راجیش ودیگر حاضر رہے۔