عمران خان کے خلاف 121مقدمات میں فیصلہ محفوظ

لاہور:26 مئی (یو این آئی) لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف 121مقدمات میں کارروائی روکنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا-لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے عمران خان کی درخواست پر سماعت کی تو ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے نشاندہی کی کہ 71برس کے شخص کے خلاف مقدمات پر مقدمات قائم کیے گئے ہیں اور سیاسی بنیادوں پر مقدمات قایم کئے جا رہے ہیں -اے آر وائی نیوز کے مطابق سرکاری وکیل نے اعتراض کیا کہ عمران خان نے اسی نوعیت کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے - ایسی صورتحال میں اس درخواست پر سماعت کیسے ممکن ہے؟ سرکاری وکیل نے دلائل میں کہا کہ ایسی مثالیں ہیں جب عدالتوں کے اندر سے ملزموں گرفتار کرا دیا گیا- جتنا ریلیف عمران خان کو عدالتوں سے مل رہا ہے تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا-کیا کسی ملزم کو کہا جا سکتا ہے کہ اگر ایک خاص مدت تک کوئی مقدمہ ہوتا ہے بھی تو گرفتاری نہیں ہوسکتی-فاضل بنچ نے عدالت کے سامنے یہ بات نہیں کرنا چاہیے تھی- یہاں صبح سے شام تک ملزم ضمانت کیلئے پیش ہوتے ہیں - عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ بنیادی حقوق کا تحفظ ہو-
جلدبازی میں گرفتاری اور بار بار مقدمات درج ہو رہے ہیں - کسی کی انصاف تک رسائی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے -
انہوں نے استدعا کی کہ اگر ویڈیو لنک پر پیشی کی اجازت دی جائے تو شاید یہ سلسلہ کم ہو جائے - بنچ نے استفسار کیا کہ کیا عدالت ایسا حکم دے سکتی ہے کہ ہر مقدمہ میں ویڈیو لنک سے پیشی ہو،ماضی میں سیاسی رہنماؤں کی اسی طرح پیشیاں ہوئیں اور سیاستدان ایک کے بعد دوسرے کیس میں انہی عدالتوں میں پیش ہوئے. عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا-