پارلیمنٹ کی نئی عمارت اس ملک کی جائیداد ہے۔دیوے گوڈا اس ملک کی شہری کی حیثیت سے افتتاحی تقریب میں شرکت کروں گا

بنگلورو۔25/مئی(سالارنیوز) جے ڈی ایس سربراہ و سابق وزیراعظم ایچ ڈی دیوے گوڈا نے آج کہا کہ 28/مئی کو نئی دہلی میں نئے پارلیمنٹ عمارت کی افتتاحی تقریب میں وہ شرکت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ اس ملک کی جائیدادہے جو ٹیکس دہندگان کی رقم سے تعمیر کی گئی ہے۔جے ڈی ایس سربراہ نے سوال کیا کہ کیا یہ بی جے پی یا آر ایس ایس کا دفتر ہے؟ جس کی افتتاحی تقریب کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی بروز اتوار اس نئی عمارت کا افتتاح کررہے ہیں۔ دیوے گوڈا نے کہا کہ میں نئی پارلیمنٹ عمارت کے افتتاح میں شرکت کررہا ہوں کیونکہ یہ اس ملک کی جائیداد ہے۔یہ کسی کی ذاتی ملکیت نہیں۔ یہاں بنگلورو پیالیس گراؤنڈ میں جے ڈی ایس کے جائزاتی اجلاس میں شرکت کے بعد نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہا کہ یہ کسی کا ذاتی پروگرام نہیں، اس ملک کا پروگرام ہے۔اس عالیشان عمارت کو ٹیکس دہندگان کی رقم سے تعمیر کیا گیاہے۔انہوں نے بتایا کہ میں ایک سابق وزیراعظم اور اس ملک کے شہری کی حیثیت سے اس پروگرام میں ضرور شرکت کروں گا۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گوڈا نے کہا کہ اس عمارت کا افتتاح میں سیاست میں درمیان میں نہیں لانا چاہتا۔