70لاکھ کی لاگت سے عالم باڑی جوتنا ہلی گرام پنچایت دفتر کا سنگ بنیاد
بنگارپیٹ:25مئی (احسان اللہ /نامہ نگار) حلقہ کے واقع عالم باڑی جوتنا ہلی گرام پنچایت دفتر کیلئے 70لاکھ روپے کی لاگت کا سنگ بنیاد مقامی رکن اسمبلی ایس ایس نارائن سوامی کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گذشتہ 50سال سے اس گرام پنچایت کے عوام کیلئے دفتر نہیں تھا۔ آج اس دفتر کیلئے سنگ بنیاد رکھا گیا ہے۔ بہت جلد تعمیری کام شروع ہوں گے۔یہ دفتر بنگارپیٹ، لوری کوٹہ روڈ پر قائم کیا گیا ہے جس سے عوام کو اور فائدہ حاصل ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار ایم نارائن سوامی نے یہ الزام تراشی کرتے ہوئے کہا کہ نارائن سوامی ایک رات میں جے ڈی ایس امیدوار ملیش بابو کے ساتھ شامل ہوگئے۔ حلقہ میں بی جے پی اور جے ڈی ایس نے مل کر میرے خلاف مقابلہ کیا گیا، لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔ یہاں تک کہ پولنگ کے دن حلقہ میں بی جے پی کا ایک بھی ٹیبل موجود نہیں تھا۔ انہوں نے رکن پارلیمان ایس منی سوامی سے مخاطب ہوکر کہا کہ اب تمہارا کھیل ختم ہوگیا ہے۔ ضلع میں تمہاری زیادتی نہیں چلے گی۔ تمہیں شرم آنی چاہئے کہ ضلع بھر کے ایک حلقہ میں بھی بی جے پی کو کامیابی حاصل نہیں ہوسکی۔ یہاں تک کہ ضلع کے تین حلقوں میں بی جے پی امیدواروں کی ضمانت ضبط ہوگئی۔انہوں نے اس موقع پر حلقہ کے تمام افسروں سے گذارش کی کہ اپنے فرائض ایمانداری کے ساتھ قانون کے دائرے میں رہ کر انجام دیں۔ اس موقع پر عالم باڑی جوتنا ہلی گرام پنچایت کے صدر نارائنما، سابق صدر منی سوامی، تعلقہ پنچایت کے سابق صدر مہادیوپا، وجئے کمار، کے وی نگراج کے علاوہ اور بھی دیگر موجود رہے۔