ترقی پسند تنظیموں کی بی جے پی ہٹاؤ مہم کامیاب: غوث محی الدین

RushdaInfotech May 26th 2023 urdu-news-paper
ترقی پسند تنظیموں کی بی جے پی ہٹاؤ مہم کامیاب: غوث محی الدین

چکمگلورو:25مئی (سالارنیوز) ایدیلو کرناٹک تنظیم کے ریاستی رہنما غوث محی الدین نے کہا کہ فرقہ پرست اور بدعنوان بی جے پی حکومت کو نکال باہر کرنے مختلف ترقی پسند اداروں کی متحدہ کوشش رنگ لائی اور ریاست میں فرقہ پرست حکومت کا خاتمہ ہوا۔ یہاں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غوث محی الدین نے اس خیال کا اظہار کیا اور بتایا کہ ان ترقی پسند ادارو ں کا شکریہ ادا کرنے اور ریاستی حکومت کو چند مشورے پیش کرنے 26مئی بروز جمعہ فریڈم پارک بنگلور کے قریب واقع اسکاؤٹس ہال میں ایک اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں وزیر اعلیٰ سدارامیا، نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار اور دیگر حاضر رہیں گے۔ انہو ں نے بتایا کہ اجلاس کے دوران حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ کانگریس کی جانب سے اعلان کردہ 5گیارنٹی اسکیموں کو فوراً جاری کیا جائے اور ریاست کے دیگر مسائل حل کئے جائیں۔ انتخابات کے دوران کل 118تنظیموں نے متحدہ طو رپر ایدیلو کرناٹک کے نام پر لاکھوں پمفلٹ تقسیم کرکے بی جے پی کے خفیہ ایجنڈے، آئین مخالف پالیسیوں کے تعلق سے عوام میں بیداری لائی جس کے نتیجہ میں عوام نے بی جے پی کو مسترد کیا۔ اس موقع پر اشوک، پٹا سوامی، گنیش ودیگر حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links