دنیا کورونا وائرس سے بھی مہلک وبا کیلئے تیار رہے

جنیوا-25مئی(ایجنسی) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)نے تمام ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ اگلی وبائی بیماری کیلئے تیار ہو جائیں، جو کورونا وائرس سے زیادہ مہلک ہو سکتی ہے- ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریسیس نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ کووڈوبائی بیماری اب صحت عامہ کی ایمرجنسی نہیں ہے، تاہم، اس بات پر زور دیا کہ شدت میں کمی کا مطلب یہ نہیں ہے کہ اب یہ عالمی صحت کو خطرہ نہیں ہے-ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیڈروس ادہانوم گیبریسیس نے منگل کو جنیوا میں سالانہ ہیلتھ اسمبلی کو بتایا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اگلی وبائی بیماری کو روکنے کیلئے بات چیت سے آگے بڑھا جائے- قومی ریاستیں اس کو نظرانداز نہیں کر سکتیں اور یہ کہ اگلی عالمی وباء دستک دینے کی تیاری میں ہے-ڈاکٹر ٹیڈروس نے کہا کہ اگر ہم وہ تبدیلیاں نہیں کرتے جو کرنا ضروری ہے تو ایسا کون کرے گا؟ اور اگر اب اقدام نہیں کیے گئے تو کب کیے جائیں گے؟ انہوں نے مزید کہا کہ وباء کی ایک اور قسم کے ابھرنے کا خطرہ ہے جو بیماری اور موت کے نئے اضافے کا سبب بنے گی اور اس سے بھی زیادہ مہلک صلاحیت کے ساتھ ابھرنے والے ایک اور مرض پھیلانے والے جرثومے کا خطرہ باقی ہے-خیال رہے کہ عالمی ادارے کی 75ویں سالگرہ کے موقعے پر جنیوا میں 10روزہ سالانہ ورلڈ ہیلتھ اسمبلی میں مستقبل کے وبائی امراض سمیت عالمی صحت کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے غور کیا جا رہا ہے- ڈبلیو ایچ او کے 194رکن ممالک اس وقت ان قواعد میں اصلاحات پر بات چیت کر رہے ہیں جو بین الاقوامی صحت کے خطرے کی صورت میں اپنی ذمہ داریوں کو طے کرتے ہیں - اسمبلی ایک وسیع وبائی معاہدے کا مسودہ بھی تیار کر رہی ہے جو اگلے سال توثیق کیلئے پیش کیا جائے گا-