ریاست میں ہندو مسلم یکجہتی کو قائم کرنے لئے اقدامات کرنے وزیر اعلیٰ سے اپیل

میسور۔23مئی (پیر پاشاہ) میسور ضلع وقف مشاورتی کمیٹی کے سابق چیرمین سید حفیظ اللہ نے ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گزشتہ تین سالوں سے نفرت کی سیاست کے بعد فرقہ پرست بھارتیہ جنتا پارٹی کو اقتدار سے بے دخل کرکے سیکولر کانگریس پارٹی کا بھاری اکثریت کے ساتھ دوبارہ اقتدار پر واپس آنا، سدارامیا کا وزیر اعلیٰ بننا، کے پی سی سی صدرڈی کے شیوکمار کا نائب وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالنا ساری ریاست کے مسلمانوں کیلئے خصوصا ً اور امن پسند عوام کو مبارکباد پیش ہے۔ کیونکہ ریاستی عوام نے ہوش مندی اور عقلمندی کے ساتھ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرقہ پرست طاقتوں کا صفایا کردیا اور ایک سیکولر پارٹی کو دوبارہ اقتدار سونپ دیا۔ تاکہ ہم سب دوبارہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے ماحول میں ایک پرسکون زندگی گزارسکیں۔ اس مرتبہ ریاست کے رائے دہندگان نے کسی ایک لیڈر کی لیڈر شپ کے زیر سایہ نہیں بلکہ خود اپنے آپکو لیڈر بناکر اپنے ووٹوں کا استعمال کرتے ہوئے دوسرے ووٹرس کو پولنگ بوتھ پہنچانے میں بڑھ چڑھ کر کافی محنت کی اور ایک خوشنما ماحول پیدا کیااور تمام ریاست کے مسلمانوں نے 85% ووٹ کانگریس کو دے کر یہ ثابت کردیا کہ اب بھی مسلمان جس کسی کو بھی چاہتا ہے اقتدار سے بے دخل کرسکتا ہے اور کسی کو بھی اقتدار کی باگ ڈور سونپ سکتا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کا جادو بھی اس مرتبہ چل نہیں سکا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں فرقہ پرست بھارتیہ جنتا پارٹی کے حوصلے کافی بلند تھے۔ فجر کی اذان پر پابندی کے بعد چند فرقہ پرست بی جے پی کے قائدین دوسرے چار اوقات کی آذانوں کو بھی بند کرنے کی کوشش میں لگے ہوئے تھے۔ اب ہم سبکو جشن مناکر خاموش نہیں بیٹھنا چاہئے بلکہ اس کوشش کو آگے بڑھاتے ہوئے منصوبہ بند طریقے سے آنے والے سال 2024میں منعقد ہونے والے لوک سبھا کے انتخابات میں ہمارے ہم وطنوں کو ساتھ لیکر ریاست کے 28پارلیمانی حلقوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدواروں کو شکست دے کر کانگریس کے 28اراکین پارلیمان کو پارلیمنٹ روانہ کرنا چاہئے اور ایک سیکو لر حکومت کو قائم کرنے میں کانگریس کے ساتھ بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔اس موقع پر سید حفیظ اللہ نے ریاستی وزیر اعلی ٰ شری سدرامیا سے گزارش کی ہے کہ وہ عوام کا اعتماد حاصل کرکے انتخاب کے موقع پر کئے گئے وعدوں کو پورا کرکے ساری ریاست میں ہندو مسلم یکجہتی کو قائم کرتے ہوئے امن و امان بحال کریں۔