شعبہئ اردو،مظہرالعلوم کالج میں یک روزہ قومی سمینارو مشاعرہ

RushdaInfotech May 6th 2023 urdu-news-paper
شعبہئ اردو،مظہرالعلوم کالج میں یک روزہ قومی سمینارو مشاعرہ

آمبور۔5/مئی (راست) مظہرالعلوم کالج کے شعبہئ اردوکی انجمن، بزمِ ادب ِ اردو کے زیرِ اہتمام قومی سمیناربعنوان ”جنوبی ہند میں ادبِ اطفال۔آزادی کے بعد“ و مشاعرہ منعقد ہوا۔ صدارت ایم نذرمحمد، سکریٹری و کرسپانڈنٹ کالجِ ھٰذانے کی۔ قومی سمینارکے افتتاحی اجلاس میں انہوں نے کہا،”ہمیں آج بچوں کے ادب پر توجہ دینی چاہئے۔بچوں کے اخلاق اور ان کے کردار بنانے میں ادب کا اہم رول ہوتا ہے۔ جس طرح بڑوں کے لئے لکھاجاتاہے اسی طرح بچوں کی دلچسپی اور کردار بنانے کے لئے بھی ہمارے ادیب و شاعر توجہ دیں جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔“ سمینار کاآغاز ٹی حفیظ الرحمن کی قرأت کلام سے ہوا۔سی محمد صفوان نے نعت شریف سنانے کی سعادت حاصل کی۔ڈاکٹر کے ایچ کلیم اللہ،کارگزارپرنسپل اور اس قومی سمینار کے کنونیر نے خطبہئ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے استقبال کیااور پی محمد جعفر، کوآرڈینٹر نے مہمانوں کا تعارف کرایا۔مہمانِ خصوصی پروفیسر قاضی حبیب احمد، صدر شعبہئ عربی، فارسی اور اردو، مدراس یونیورسٹی نے کلیدی خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا،”بچوں کے ادب پر لکھنا ہمارے ادیب و شاعر باعثِ عار سمجھتے ہیں۔ اسے نچلے درجہ کا ادب مانتے ہیں۔ حالاں کہ یہی بچے ہماری قوم کے معمار ہیں۔اگر بنیاد ٹھیک ہوئے تو اس پر کھڑی ہونے والی عمارت مضبوط رہے گی۔ چنانچہ بچوں کے ادب پرادباء و شعراء توجہ مبذول کریں اور اچھے ادب پارے ہماری آنے والی نسل کے لئے پیش کریں۔“ادبی مذاکرہ میں مہمان مقالہ نگار حضرات ڈاکٹر قاضی ضیاء اللہ،ریجینل ڈائرکٹر، مولاناآزاد نیشنل اردو یونیورسٹی، بنگلور نے بعنوان”کرناٹک میں ادبِ اطفال۔ آزادی کے بعد “، ڈاکٹر ایم سعید الدین، اسسٹنٹ پروفسیر، شعبہئ عربی و اردو، اسلامیہ کالج(خود مختار)نے بعنوان ”یعقوب اسلم بحیثیتِ شاعر ِاطفال“، ڈاکٹر کے ایچ کلیم اللہ،کارگذار پرنسپل و صدر شعبہئ اردو، مظہرالعلوم کالج نے بعنوان ”نورآفاق-ادب اطفال کامنفرد شاعر“، پی محمد جعفر،اسسٹنٹ پروفیسر، مظہرالعلوم کالج نے”بچوں کا ادب- ایک جائزہ“ ایک وقیع مقالہ سامعین کے گوش گذار کیا۔کالج کے طلباء و طالبات نے بھی سمینار کے موضوع پر تحقیقی مقالے پیش کئے جن میں ٹی محمد وسیم، سی محمد خلیق سعدین، ایم محمد فاضل، وی نسیفہ نوشین، سی ندازینہ شامل ہیں۔بعداز سمینار محفل مشاعرہ کا انعقاد ہوا، جس کی نظامت کے فرائض سمینار کے کنوینرکے ایچ کلیم اللہ نے انجام دئے۔ مشاعرے میں وانمباڑی سے اسانغنی مشتاق رفیقی، نمازی عبدالکریم، اشفاق غنی، محمد الیاس راحت حرارتؔ، اعجاز احمد اعجازؔ، گلزاراحمد، اپاپلے اشفاق احمد نے اپنے کلام سے سامعین کومحظوظ کیا۔ان کے علاوہ کالج کے طلباء نے تمثیلی کلام پیش کیا جن میں وی ایف محمد شعیب، ایس محمد سلمان،سی محمد خلیق سعدین شامل ہیں۔ متعلمہ این ایم افراء فاطمہ نے ہدیہئ تشکر پیش کیا اور ترانہ ئ ہندی سے یہ نشست اختتام کوپہنچی۔


Recent Post

Popular Links