ریس کورس روڈ فلم اداکار امبریش کے نام سے منسوب نام بدل کر وزیر اعلیٰ نے نئی تختی آویزاں کر دی

بنگلورو28مارچ(سالار نیوز)وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے قدیم ریس کورس روڈ کو آنجہانی ڈاکٹر امبریش کے نام سے منسوب کیا۔ موریا سرکل سے بسویشور سرکل تک کی سڑک کو ”ریبل اسٹار ڈاکٹر ایم ایچ امبریش“ کا نام رکھ کر نام کی تختی آویزاں کی۔اس موقع پر بات کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ کرناٹک فلم چیمبرآف کامرس بورڈ،ریس کورس اورگاندھی نگر امبریش کے زیادہ رہنے کے مقامات تھے۔انہی علاقوں میں ان کی سر گرمیاں کافی زیادہ ہوا کر تی تھیں۔اسی بات کو مد نظر رکھ کر اور ان کے چاہنے والوں کی مانگ پر ریس کورس روڈ کو امبریش کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔انہوں نے بتا یا کہ امبریش کی نہ صرف فلمی دنیا میں بلکہ سیاسی میدان میں بھی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ انہوں نے ریاستی وزیر برائے ہاؤزنگ کے طورپر بہترین خدمات انجام دیتے ہو ئے عوام کے دلوں میں جگہ بنا رکھی تھی۔وزیر اعلیٰ نے بتا یا کہ کاویری ندی کے معا ملے پر انہوں نے مرکزی وزرات سے استعفیٰ دے دیا تھا، اقتدار امبریش کی تلاش میں رہا کر تا تھا۔اس موقع پر ریاستی وزیر برائے صحت ڈاکٹر شدھا کر،رکن پارلیمان سما لتا امبریش، شیواجی نگر کے رکن اسمبلی رضوان ارشد، رکن کو نسل، نارائن سوامی،کنڑا فلم اداکار ابھیشک امبریش،راگھویندرا راج کمار،فلم چیمبر کے صدر ہریش،بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کے چیف کمشنر تشار گری ناتھ ودیگر حاضر رہے۔