طلبہ کیلئے مفت آئی اے ایس کے اے ایس کوچنگ سنٹر قائم ہوں گے۔ نارائن سوامی
بنگارپیٹ۔ 28مارچ (احسان اللہ / نامہ نگار) ٹاؤن میں بہت جلد طلبہ کو کے اے ایس،آئی اے ایس کے لئے مفت اپنے صرف خاص سے کوچنگ سنٹر کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ بات بنگارپیٹ کے رکن اسمبلی ایس این نارائن سوامی نے کہی۔ انہو ں نے یہاں کے کولار روڈ پر ٹاؤن منسپل کونسل دفتر میں بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کے زیر اہتمام اسکالرشپ کی تقسیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا۔انہو ں نے کہا کہ ٹاؤن کے ہر ایک اسکول کالج میں طلبہ کے لئے شفاف پانی کا انتظام اپنے صرف خاص سے کیا گیا ہے۔ خصوصاً ڈگری کالج کے طلبہ کے لئے کالج روانہ ہونے کے لئے مفت بسوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے اور بہت جلد ٹاؤن کے طلبہ کے لئے ڈجیٹل لائبریری کا بھی افتتاح عمل میں آئے گا۔ انہو ں نے کہا کہ اگلے سال حلقہ کے 5ہزار طلبہ کے لئے اپنے صرف خاص سے مفت میں لیپ ٹاپ بھی دیا جائے گا۔ انہو ں نے کہا کہ شہر بنگارپیٹ کے کئی وارڈوں میں تعمیراتی کام تیزی کے ساتھ چل رہے ہیں جنہیں بہت جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹاؤن کے ڈبل روڈ پر تقریباً 10کروڑ روپئے کی لاگت تار بچھانے کے کام کا آغاز ہوگیا ہے۔ اپریل 10کے اندر اس کام کو مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس سال جو کرمچاری منسپل کونسل میں کام کررہے ہیں ان میں 75کرمچاریوں کو مستقل کام دیا جارہا ہے۔ اس کے ساتھ حلقہ کے غریب مستحق افراد کو مکان تعمیر کرنے 2.70لاکھ روپئے جبکہ ایس سی، ایس ٹی افراد کو گھر تعمیر کرنے کے لئے 3.50لاکھ روپئے دئے جائیں گے۔ اس موقع پر بنگارپیٹ ٹاؤن منسپل کونسل کی صدر فرزانہ سہیل، نائب صدر شاردا، چیف افسر چلاپتی، کونسلرس شفیع، راکیش گوڈا، صادق پاشاہ، شیخ نیاز،گنگما رنگ رامیہ وینکٹیش، بنگارپیٹ پی ایل ڈی بینک کے صدر ایچ کے نارائن سوامی کے علاوہ اور بھی دیگر موجود تھے۔