مالی سال 2023-24کے بجٹ کا عمل مکمل ہنگامہ کے درمیان مالیاتی بل 2023کو پارلیمنٹ سے ملی منظوری

RushdaInfotech March 28th 2023 urdu-news-paper
مالی سال 2023-24کے بجٹ کا عمل مکمل ہنگامہ کے درمیان مالیاتی بل 2023کو پارلیمنٹ سے ملی منظوری

نئی دہلی:27مارچ(ایجنسی)گزشتہ دنوں لوک سبھا میں زبردست ہنگامہ کے درمیان ووٹنگ کے ذریعہ مالیاتی بل 2023 کو پاس کیا گیا تھا، اور آج راجیہ سبھا میں بھی اس بل کو زوردار ہنگامہ کے درمیان منظوری مل گئی۔ راجیہ سبھا میں مالیاتی بل 2023 کو بغیر بحث کے صوتی ووٹوں سے منظور کر کے لوک سبھا کو بھیج دیا۔ اس کے ساتھ ہی آئندہ مالی سال کے بجٹ کا عمل ایوانِ بالا میں مکمل ہو گیا۔ایوان بالا کی میٹنگ آج ایک بار ملتوی ہونے کے بعد دوپہر 2 بجے شروع ہوئی تو چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے کہا کہ صبح جو ضروری دستاویز ایوان کے سامنے نہیں رکھے جا سکے تھے، انھیں رکھا گیا مان لیا جائے۔ اسی درمیان کانگریس سمیت اپوزیشن پارٹیوں کے کئی اراکین اڈانی گروپ سے جڑے الزامات کی جانچ کیلئے جے پی سی(جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی)تشکیل دیئے جانے کا مطالبہ لے کر ہنگامہ کرنے لگے۔ ہنگامہ کے درمیان ہی وزیر مملکت برائے مالیات پنکج چودھری نے مالیاتی سال 2023-24کیلئے مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے جنرل بجٹ، گرانٹ کے ضمنی مطالبات اور اس سے متعلق اختصاصی بل کو صوتی ووٹ سے لوک سبھا کو لوٹا دیا۔اس کے بعد چیئرمین دھنکھڑ کی اجازت سے وزیر مالیات نرملا سیتارمن نے مالیاتی بل 2023 کو ایوان میں پیش کیا۔ اس دوران ایوان میں اپوزیشن اراکین کا ہنگامہ جاری تھا۔ ہنگامے کے درمیان ہی مالیاتی بل 2023 کو بغیر بحث کے صوتی ووٹ سے لوک سبھا کو لوٹا دیا گیا۔ مالیاتی بل کو لوک سبھا کو لوٹائے جانے کے ساتھ ہی ایوان میں مالی سال 2023-24کے بجٹ کا عمل مکمل ہو گیا۔بعد ازاں راجیہ سبھا چیئرمین جگدیپ دھنکھڑ نے مالیاتی بل پر ایوان میں بحث کیلئے مقرر کردہ 10 گھنٹے کا اراکین کے ذریعہ استعمال نہ کرنے کو افسوسناک بتایا۔
بہرحال، لوک سبھا میں یکم فروری کو وزیر مالیات نرملا سیتارمن کے ذریعہ عام بجٹ 2023-24پیش کیے جانے کے ساتھ بجٹ کا جو عمل شروع ہوا تھا وہ آج ختم ہو گیا۔ ایوانِ زیریں میں مالیاتی بل 2023،مارچ 24 کو پاس ہوا تھا۔


Recent Post

Popular Links