بنگارپیٹ میں بی جے پی کی وجئے سنکلپ یاترا

بنگارپیٹ:18مارچ(احسان اللہ۔ نامہ نگار) یہاں کے کولار روڈ واقع ڈاکٹر امبیڈکر پارک سے تعلقہ بی جے پی کے زیراہتمام وجئے سنکلپ یاترا کا انعقاد کیاگیا جس میں ریاستی وزیر سی این اشوتھ نارائن کولار ضلع کے نگراں کاروزیر منی رتنا، رکن پارلیمان ایس منی سوامی، رکن پارلیمان پی سی موہن اور بھی دیگرلیڈروں نے مل کر ریلی کا آغاز کیا۔ اس موقع پر اشوتھ نارائن نے کہاکہ بروز اتوار وزیراعظم نریندر مودی نے منڈیا میں جو بنگلور۔ میسور ایکسپریس ہائی وے کا افتتاح کرتے ہوئے روڈ شو کیا اور اس کے ساتھ انہوں نے ہبلی۔ دھارواڑ میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کابھی افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا جس سے ریاست کے عوام میں کافی جوش وخروش دیکھاگیا۔ جس سے ہمیں یقین ہورہا ہے کہ اس بار ریاست میں بی جے پی اقتدار پر ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ 2023ء اسمبلی انتخابات میں کولارکے عوام سدارامیا کو ضرور سبق سکھائیں گے بلکہ حلقہ کولار سے ہی سدارامیا کا اس بار سیاسی خاتمہ ہوگا۔ اس دوران ریاستی وزیر سے سوال کیاگیا کہ ضلع کولارکے عوام بی جے پی کو کیوں ووٹ دیں؟ اس بار کے بجٹ میں ضلع کولار کے ترقیاتی کاموں کیلئے بی جے پی نے کچھ بھی نہیں دیا۔ ریاستی وزیر نے جواب میں کہاکہ مجھے لگ رہا ہے کہ تم سب کانگریس پارٹی سے ملے ہوئے ہو۔ اس موقع پر منی رتنا نے کہاکہ میں حلقہ کے عوام سے گزارش کرتاہوں کہ اس بار اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے امیدوار کو کامیاب بنانے سے حلقہ کے عوام کو فائدہ حاصل ہوسکتا ہے۔ حلقہ کی ترقی کیلئے امیدوار کا کامیاب ہونا ضروری ہے۔