خالصتان کے حامی امرت پال9ساتھیوں کے ساتھ گرفتار موہالی میں تلواریں اٹھاکرحامیوں کا احتجاج شروع، بلٹ پروف ٹریکٹر تعینات، پنجاب میں انٹرنیٹ بند؟ کئی اضلاع میں دفعہ 144

RushdaInfotech March 19th 2023 urdu-news-paper
خالصتان کے حامی امرت پال9ساتھیوں کے ساتھ گرفتار موہالی میں تلواریں اٹھاکرحامیوں کا احتجاج شروع، بلٹ پروف ٹریکٹر تعینات، پنجاب میں انٹرنیٹ بند؟ کئی اضلاع میں دفعہ 144

چنڈی گڑھ:18مارچ(ایجنسی)خالصتان کے حامی امرت پال اور اس کے 9 ساتھیوں کو پنجاب پولیس نے ہفتہ کو مختلف مقامات سے گرفتار کرلیاہے۔ یہ گرفتاریاں اجنالہ تھانے پر حملے سے متعلق کیس میں کی گئیں۔امرت پال کے9 ساتھی ہفتہ کی دوپہر کو جالندھر سے موگا جاتے ہوئے پکڑے گئے۔ جیسے ہی پنجاب پولیس نے یہاں کا گھیراؤ کیا، امرت پال خود کار میں بیٹھ کر بھاگ گیا۔ پولیس کی تقریباً 100گاڑیوں نے ڈیڑھ گھنٹے تک اس کا پیچھا کرنے کے بعد جالندھر کے نکودر علاقے سے اسے پکڑ لیا۔ تاہم ان کی گرفتاری کی کوئی سرکاری تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔دریں اثنا صورتحال خراب ہونے کے خدشے کے پیش نظر پنجاب میں موبائل انٹرنیٹ سروس 24گھنٹے کیلئے معطل کر دی گئی۔یہ اعلان کردیاگیاہے کہ ریاست میں موبائل انٹرنیٹ بلکہ ایس ایم ایس خدمات اتوار کی دوپہر 12 بجے تک معطل رہیں گی۔ پنجاب بھر میں پولیس اور انتظامیہ الرٹ ہے۔ امرتسر، فاضلکا، موگا اور مکتسر سمیت کئی اضلاع میں دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ تاہم اس کی وجہ سے امرتسر میں 19 /اور 20 مارچ کو ہونے والی جی 20 ممالک کی کانفرنس بتائی جاتی ہے۔دوسری جانب امرت پال کی گرفتاری کے خلاف موہالی میں احتجاج شروع ہوگیاہے۔ یہاں چندی گڑھ-موہالی بارڈر پر انصاف مورچہ میں موجود 150 کے قریب نہنگ ننگی تلواریں اور لاٹھیاں لے کر سڑک پر نکل آئے۔ موہالی میں شام سے ہی ایئرپورٹ روڈ کو جام کرکے بیٹھے نہنگوں کے مظاہرے میں بھیڑ بڑھ رہی ہے، جس کے بعد یہاں ریپڈ ایکشن فورس (آر اے ایف)کے علاوہ بلٹ پروف ٹریکٹر بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ امرت پال سنگھ کے خلاف 3 مقدمات درج ہیں، جن میں سے 2 کا تعلق نفرت انگیز تقاریر سے ہے۔امرت پال کی گرفتاری کے بعد کسی بھی ہنگامے سے بچنے کیلئے اس کے گاؤں جلو پور کھیڑا کو سیل کر دیا گیا ہے۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے پنجاب پولیس نے ٹوئٹ کرکے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔


Recent Post

Popular Links