ہاویر ی میں فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے شرپسندوں کی کوشش مسجد، اُردو اسکو ل اور مسلمانوں کے گھروں پر پتھراؤ

RushdaInfotech March 15th 2023 urdu-news-paper
ہاویر ی میں فرقہ وارانہ ماحول کو خراب کرنے  شرپسندوں کی کوشش  مسجد، اُردو اسکو ل اور مسلمانوں کے گھروں پر پتھراؤ

بنگلورو-14مارچ(سالار نیوز) کرناٹک کے ہاویری ضلع کے رٹی ہلی میں منگل کے روز فرقہ وارانہ صورتحال اس وقت کشیدہ ہو گئی جب ہندو تنظیموں کے کارندوں نے بائیک ریلی کے دوران ایک مسجد اور مسلمانوں کے مکانات پر پتھراؤ کیا، جس کے بعد پولیس نے چند لوگو ں کو حراست میں لیا ہے- یہ واقعہ اس وقت رونما ہواجب رٹی ہلی میں سنگولی راینا کے مجسمہ کی نقاب کشائی کے لئے نکالی گئی ریلی میں شامل سنگھ پریوار کے کارندوں نے ریلی کے لئے پولیس کی طرف سے دئیے گئے روٹ کو بدل کر مسلم محلہ کا رخ کیا اور وہاں ایک مسجد اور چند مسلم گھروں پر پتھراؤ کرنا شروع کر دیا-پتھراؤ میں 8تا10مکانات اورچند گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے- پولیس حکام نے بتایا کہ اس سلسلہ میں 15لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے - آگے کی کارروائی کی جائے گی-ہاویری ضلع کے ایس پی ڈاکٹر شیو رام نے بتایا کہ فی الحال صورتحال پرامن ہے - اس واقعہ کے بعد دکانیں بند کردی گئیں اور پولیس کا بندوبست بڑھا دیا گیا- ہندو تنظیموں کا الزام ہے کہ9مارچ کو جب سنگولی رائنا کا مجسمہ لے جایا جا رہا تھا تو کچھ لوگوں نے پتھراؤ کیا،جس کے انتقام کے طور پر یہ حملہ کیا گیا -ایک مکین عرفان جس کے مکان پر حملہ کیا گیا نے بتایا کہ گزشتہ ہفتہ سنگولی رائنا کے مجسمہ پر پتھراؤ کے بارے میں کسی کو کچھ نہیں معلوم -مقامی مسلمان بھی سنگولی رائنا کا بہت احترام کرتے ہیں - انہوں نے کہا کہ بے وجہ مسجد، ایک اردو اسکول اور مسلمانوں کے گھروں پر حملہ کیا گیا ہے - چندخواتین نے کہا کہ پتھراؤ کے دوران پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی تھی-اس دوران مقامی رکن اسمبلی اور وزیر زراعت بی سی پاٹل نے کہا کہ سنگولی رائنا کے مجسمہ پر پتھراؤ ناقابل برداشت ہے- انہوں نے سوال کیا کہ کیا ہم پاکستان میں ہیں؟-تاہم آج کے واقعہ کے بارے میں جب سوال کیا گیا تو انہوں نے لاعلمی کا اظہار کیا اور کہا کہ اس بارے میں وہ تفصیلات یکجا کر یں گے-اس پرتشدد ریلی کے بعد وزراء بی سی پاٹل اور بائرتی بسواراج کی موجودگی میں مجسمہ کی نقاب کشائی کی گئی-


Recent Post

Popular Links