عمران خان گرفتار؟ پاکستان کے سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کیلئے پہنچی پولیس پر پی ٹی آئی کارکنان کا پتھراؤ،جابجامظاہرے

RushdaInfotech March 15th 2023 urdu-news-paper
عمران خان گرفتار؟ پاکستان کے سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کیلئے پہنچی پولیس پر پی ٹی آئی کارکنان کا پتھراؤ،جابجامظاہرے

اسلام آباد-14مارچ (ایجنسی)پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے لاہور میں واقع رہائش پر پولیس کی کئی ٹیمیں موجود ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے سبھی تیاریاں کر لی گئی ہیں۔ حالانکہ اس درمیان پی ٹی آئی کارکنان کسی بھی حال میں عمران خان کو گرفتار نہیں ہونے دینا چاہتے۔ ناراض پی ٹی آئی کارکنان نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا، جس کے بعد پولیس کی جانب سے آنسو گیس کی شیلنگ چھوڑی گئی۔ علاقے میں حالات کشیدہ دکھائی دے رہے ہیں۔ خبریں یہ بھی سامنے آ رہی ہیں کہ کراچی کے کئی علاقوں میں پی ٹی آئی کارکنان نے سڑکوں پر نکل کر احتجاجی مظاہرہ شروع کر دیا ہے۔اس دوران عمران خان کے خلاف جاری غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ پر آج سماعت سے عدالت نے انکارکر دیا۔توشہ خانہ معاملہ میں عمران خان کے خلاف جاری غیر ضمانتی گرفتاری وارنٹ کے تعلق سے ان کی لیگل ٹیم آج اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچی تھی۔ عدالت میں داخل درخواست میں وارنٹ منسوخ کرنے اور آج ہی سماعت کی استدعا کی گئی تھی، تاہم رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ رجسٹرار آفس نے اعتراض ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا بایومیٹرک نہیں کرایا گیا ہے۔ ہائی کورٹ نے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری منسوخی کی درخواست پر آج سماعت کی استدعا مسترد کردی اور درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کر دی۔ اب عمران خان کی درخواست پر کل رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوگی اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اس معاملے کی سماعت کریں گے۔اس دوران بتایا جاتا ہے کہ لاہو رکی پولیس نے زمان پارک کو چاروں طرف سے گھیر لیا۔ جبکہ لاہور کے تمام ایس پیز کو نفری سمیت زمان پارک طلب کرلیا گیا۔ عمران خان کو گرفتار کرنے کیلئے آنے والی پولیس سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کے درمیان تصادم جاری رہا اور عمران خان کی رہائش گاہ پر کشیدگی دیر رات تک برقرار رہی۔زمان پارک میں وقفے وقفے سے آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی جبکہ پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا۔ جس میں 14 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 10 کا تعلق لاہور جبکہ 4 کا اسلام آباد پولیس سے ہے۔پتھرا ؤاور آنسو گیس کی شیلنگ کے دوران پی ٹی آئی کے 3 کارکن بھی زخمی ہوگئے۔


Recent Post

Popular Links