کیالنور میں مدرسہ عربیہ انوار العلوم کاسالانہ جلسہ خرافات کے دور میں اپنی نسلوں کو دین سے جوڑے رکھنا بھی مجاہدہ: شیخ سراج الدین

RushdaInfotech March 14th 2023 urdu-news-paper
کیالنور میں مدرسہ عربیہ انوار العلوم کاسالانہ جلسہ خرافات کے دور میں اپنی نسلوں کو دین سے جوڑے رکھنا بھی مجاہدہ: شیخ سراج الدین

کیالنور:13مارچ (نامہ نگار) اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو اہل دنیا کی قیادت کیلئے معمور کرکے قائدانہ صفات کا درس دیا گیاتاکہ انہی صفات سے متصف ہوکر مسلمان اہل دنیا کی قیادت کی کسوٹی پر کھرے اتریں،مگر ان صفات سے منہ موڑ کر رسوائے زمانہ ہوگئے۔ بایں سبب خرافات کے اس دور میں اپنی نسلوں کو دین سے جوڑے رکھنا ایک عظیم مجاہدہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار کیالنور کی تمام مساجد کے واحد متولی شیخ سراج الدین نے اسی گاؤں کے مدرسہ عربیہ انوارالعلوم کے سالانہ جلسہ میں اپنے صدارتی خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بچوں کی عصری تعلیم پر جتنا فکر مند رہتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ ان کی مذہبی تعلیم پر ہماری فکریں معنی خیز ہوں گی۔ اس اجلاس میں بطور مہمان خصوصی شریک شیخ محمودنے کہا کہ ایسے پروگراموں میں بچوں کو اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع دے کر اساتذہ نے بچوں کے حوصلے بلند کئے ہیں۔ مدرسہ انوارالعلوم کے صدر مدرس حافظ عبد العظیم کی نگرانی میں مدرسہ ہٰذا کے قابل اساتذہ مولانا زکی انور، مولانا نیر قاسمی اور مولانا حبیب اللہ قاسمی وغیرہ طلبہ کو عمدہ دینی تعلیم سے آراستہ کرتے آرہے ہیں۔ اجلاس میں مدرسہ کے سکریٹری شبیر پاشاہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور کہا کہ اس مدرسہ میں 240طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں سے 37طلبہ ناظرہ قرآن مکمل کرچکے ہیں۔ ان طلبہ کے علاوہ جن طلبہ نے اس اجلاس میں اچھا مظاہرہ کیا، ان تمام طلبہ کی ہمت افزائی کی غرض انہیں انعامات سے نوازا گیا۔ اس اجلاس میں کیالنور کی مساجد کے سکریٹری نصیر الدین، مدرسہ ہٰذا کے سابق صدر سراج اللہ بیگ اور عبد الجبار بھی شرکت فرما تھے۔ اجلاس کا اختتام دعا پر ختم ہوا۔


Recent Post

Popular Links