”فرقہ پرست طاقتیں مسلم ووٹرس کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کررہے ہیں“

RushdaInfotech March 14th 2023 urdu-news-paper
”فرقہ پرست طاقتیں مسلم ووٹرس کی اہمیت گھٹانے کی کوشش کررہے ہیں“

کولار:13مارچ (ظہیر عالم) کرناٹک کے اسمبلی انتخابات کے نزدیک فرقہ پرست طاقتیں ریاست میں مسلم ووٹروں کو کمزور کرنے اور ان کے ووٹوں کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کررہی ہیں۔ یہاں ایک اخباری بیان جاری کرتے ہوئے کے پی سی سی شعبہ ئ اقلیت کے نائب صدر جی محمد انور نے اس خیال کا اظہار کیا اور کہا کہ ریاستی بی جے پی حکومت اقلیتوں کے ساتھ نفرت اور تعصب کا مظاہرہ کررہی ہے۔سدارامیا کی قیادت والی کانگریس حکومت کے دور میں ریاست میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے بچوں کیلئے اسکالر شپ،غریب، مستحق لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی بھاگیہ اسکیم، شادی محل کی تعمیر کیلئے لاکھوں فنڈ منظور کیا گیا، لیکن موجودہ حکومت نے مسلمانوں کی تمام اسکیموں کو ختم کردیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی اور ریاستی بی جے پی حکومتیں مسلمانوں کے ساتھ سوتیلا سلوک اپنا رہی ہیں، لیکن مسلمان اچھی طرح واقف ہیں کہ کانگریس ہی واحد سکیولر پارٹی ہے۔ریاست میں چند عناصر مسلمانوں کے ووٹوں کو تقسیم کرکے بی جے پی کو فائدہ پہنچانے کی سازش کررہے ہیں۔ چند مسلم رہنما بھی اپنے مفاد کی خاطر مسلمانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، ایسے افراد سے مسلمان خبردار رہیں۔ انہوں نے ریاست کے مسلم ووٹرس سے گزارش کی اپنے ووٹ تقسیم نہ ہونے دیں اور سکیولر کانگریس امیدواروں کے حق میں ووٹ ڈالیں۔ انہوں نے کولار اسمبلی حلقہ کے مسلم ووٹرس سے گزارش کی کہ اس مرتبہ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کو بھاری اکثریت کے ساتھ منتخب کریں اور کسی بھی گمراہ کرنے والے کا شکار نہ ہوں۔ اس موقع پر سید اقبال احمد پروان موجود ہے۔


Recent Post

Popular Links