بنگلور یونیورسٹی کیمپس میں خون عطیہ کیمپ طلبا سے دلچسپی دکھانے وائس چانسلر کی گزارش

بنگلور۔12مارچ(سا لار نیوز)بنگلور یونیورسٹی کے این این ایس شعبہ نے انڈین ریڈ کراس سوسائٹی،کرناٹک برانچ اور روٹری کلب کے اشتراک سے یونیورسٹی کے این این ایس بھون میں یونیورسٹی سطح پر خون عطیہ کیمپ کا انعقاد کیا تھا۔ کیمپ کا افتتاح یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جیا کا ایس ایم نے کیا۔اس مو قع پر یونیورسٹی کے رجسٹرار مہیش بابو، آر ٹی این کے صدر سری ناتھ مہمانان خصوصی کے طور پر شریک تھے۔ پروفیسر ایچ آرویشا،این این کو آر ڈینٹر بنگلور یونیورسٹی کیمپ کے نگران کار تھے۔ اس موقع پر ریڈ کراس سوسائٹی کے چیف کنوینر بلڈ ڈونیشن ڈاکٹر شام سندر کے علاوہ یونیورسٹی کا تدریسی اور غیر تدریسی عملہ مو جود تھا۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ خون کا عطیہ کر نے سے ضرورتمند افراد کو بر وقت خون فراہم کرنے میں کافی آسانی ہو گی اور انسان کی جان بچا ئی جاسکتی ہے۔انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ خون عطیہ کرنے میں اپنی دلچسپی دکھائیں۔کیمپ کے دوران کئی طلبا،تدریسی اور غیر تدریسی عملہ نے خون کا عطیہ کیا۔ یونیورسٹی نے خون کو جمع کر کے بلڈ بنکوں اور اسپتالوں میں تقسیم کیا۔