موبائل فون چوری کی شکایت آن لائن کے ذریعہ درج کروائیں:پو لیس کمشنر شہر کی پو لیس نے18لاکھ کے112موبائل فون ضبط کئے

بنگلورو۔12مارچ(سالار نیوز)موبائل فون کی چوری کے سلسلہ میں آن لائن کے ذریعہ درج کی گئی شکایتوں پر کارروائی کر تے ہو ئے شہر کی پولیس جدید ٹکنالوجی کی مدد سے 18لاکھ روپئے ما لیت کے112موبائل فون کا ضبط کرنے میں کامیاب رہی۔ضبط شدہ موبائل فون کو شہر کے پولیس کمشنرپرتاپ ریڈی نے کمشنر دفتر میں چند موبائل فون کو مالکان کے حوالے کیا۔اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات کر تے ہو ئے پو لیس کمشنر ریڈی نے بتا یا کہ محکمہ پو لیس نے موبائل فون اور دستاویزات کی چوری پر شکایت درج کروانے کے لئے آن لائن سہولت فراہم کی ہے۔انہوں نے بتا یا کہ مرکزی حکومت کے سنٹرل ایکوپمنٹ آئی ڈینٹی رجسٹرار(سی ای آئی آر) اور ریاستی پولیس نے”ای۔لاسٹ“ کے ذریعہ شکایت درج کرنے کا موقع مہیا کیا ہے۔پو لیس کمشنر نے بتا یاکہ کئی افراد نے سی ای آئی آر اور ای۔ لاسٹ کے ذریعہ اپنے موبائل فون کی چوری کی شکایتیں درج کروائی تھیں،پو لیس نے ان شکایتوں کو سنجیدگی کے ساتھ لے کر جدید ٹکنالوجی کی مدد سے موبائل کے مقام کا پتا لگا یا تھا۔ انہوں نے بتا یا کہ شہر کی پو لیس راجستھان،کیرلا، تمل ناڈو اور کرناٹک کے کئی مقامات پر کارروائی کر تے ہو ئے موبائل فونوں کو ضبط کرنے میں کامیاب رہی ہے۔پو لیس کمشنر نے بتا یاکہ موبائل فون کی چوری ہونے پر شکایت درج کروانے کے لئے پو لیس تھانوں تک پہنچنے کی ضرورت نہیں ہے،بلکہ موبائل فون کے ذریعہ ہی سی ای آئی آر اور ای۔ لاسٹ کے ذریعہ شکایت درج کروائی جاسکتی ہے۔