ترکی اور شام میں زلزلہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر امیر جماعت اسلامی ہند کا اظہارافسوس

نئی دہلی:9 فروری(ایجنسی) ترکی اور شام میں شدید و مہلک زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی ہند سید سعادت اللہ حسینی نے میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ ”اس قدرتی آفت کی وجہ سے ان دونوں ملکوں میں ہزاروں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں اور بے شمار لگ زخمی ہوئے جبکہ خطیر مالی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔یہ واقعہ ہمیں اللہ تعالیٰ کے سامنے انسانوں کی بے بسی کی یاد دلاتا ہے اور زندگی کی بے ثباتی کو بھی ظاہر کرتا ہے“۔محترم امیر جماعت نے زلزے میں زخمی ہونے والوں کی جلد سے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”میں غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے قدرتی آفت میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحب یابی کی دعا کرتا ہوں“۔ انہوں نے کہا کہ ”جماعت اسلامی ہند زلزلہ سے متاثرہ لوگوں کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی ہر ممکنہ مدد کرنے کی پوری کوشش کرے گی“۔محترم امیر جماعت نے ترکی اور شام کے زلزلہ متاثرین کو انسانی امداد فراہم کرنے کیلئے حکومت ہند کی فوری پیشکش کی بھی تعریف کی اور اپیل کی کہ ضرورت پڑنے پر حکومت امداد کی مقدار میں اضافہ کرے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر ہندوستانی حکومت ان دونوں ملکوں کے زلزلہ متاثرین کی امداد کی خاطر عام لوگوں کیلئے کوئی بندوبست کرتی ہے تو عوام اس میں دل کھول کر حصہ لیں۔