چن پٹن بلدیہ کوڑے کی نکاسی میں ناکام: واصل علی خان
چن پٹن:7فروری (سالارنیوز) رکن بلدیہ و کے پی سی سی کے ریاستی جنرل سکریٹری واصل علی خان نے الزام لگایا کہ چن پٹن شہر میں گزشتہ کئی دنوں سے کوڑا کرکٹ کی نکاسی مناسب ڈھنگ سے نہیں کی جارہی ہے۔ یہاں آئی بی میں طلب کردہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے واصل علی خان نے یہ الزام لگایا اور کہا کہ شہر کے اکثر علاقوں میں کچرے کے انبار ہیں۔ ان پر ہی موٹر گاڑیاں، اسکول کی بسیں، عوام، طلبہ وطالبات کو گزرنا پڑرہا ہے جس سے امراض پھیلنے کا خدشہ ہے۔ انہو ں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے بتایا کہ اس سلسلہ میں بلدیہ صدر اور کمشنر سے شکایت کرنے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ بلدیہ صدر اور کمشنر کے درمیان آپسی تال میل نہ ہونے سے نکاسی پر اثر پڑا ہے اور بلدیہ کے عملہ کی جانب سے کچرے کو آگ لگا دینے سے اس کا دھواں آر ایم سی یارڈ، شیروہوٹل ودیگر علاقوں میں پھیل رہا ہے جس سے عوام کی صحت متاثرہورہی ہے۔ یہ حلقہ سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کا ہے لیکن اب تک کوڑے کی نکاسی کیلئے مستقل جگہ کی نشاندہی نہیں کی گئی ہے۔ بلدیہ میں افسروں کی قلت کا سامنا ہے، شعبہ صحت کے انسپکٹر کا تبادلہ ہوا ہے، اب شہر کیلئے صرف ایک ہیلتھ انسپکٹر ہیں۔ انہو ں نے رکن اسمبلی اور ضلع ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا کہ اس جانب فوری توجہ دیں اور کوڑے کی نکاسی کیلئے مستقل جگہ کی نشاندہی کرنے کے سلسلہ میں کل جماعتی اجلاس طلب کیا جائے۔ اس موقع پر اراکین بلدیہ سید صابر اللہ،متین خان، خضر احمد، لوکیش، باواصا، خلیل، سید وسیم ودیگر حاضر رہے۔