فروغ سیاحت کیلئے 2تا15فروری ملیشیا کا روڈشو
بنگلورو۔2فروری(سالار نیوز)ملیشیا میں سیاحت کو فروغ دینے کے مقصد سے ٹورزم ملیشیا کے چنئی دفتر کی جانب سے30جنوری تا 7فروری ہندوستان بھر میں روڈ شوز کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ بنگلوروسمیت ملک کے مختلف شہروں میں اس روڈ شو کا اہتمام مشوشیاگو ٹراولس اور جگدیش ٹراولس کی جانب سے کیا جا رہا ہے۔ جگدیش ٹورس کے ڈائرکٹر پی راکیش نے اس ضمن میں منعقد کی گئی اخباری کانفرنس میں بتایا کہ اس روڈ شو کے دوران کارپوریٹ اداروں اور فرصت میں آرام کے لئے سفرکرنے والے سیاحوں کو راغب کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ2فروری سے 15فروری تک بنگلورو کے تاکی تاکی ریستوران میں ملیشیائی کھانوں کا میلہ لگ رہا ہے۔ ٹورزم ملیشیا انٹرنیشنل کے شعبہ پرموشن کے سینئر ڈپٹی ڈائرکٹر محمد امین الرضا عبد الرحیم نے اس موقع پر کہا کہ فی الحال ملیشیا میں سالانہ 15ملین سیاح دنیا بھر سے آتے ہیں، آنے والے دنوں میں اس کو 47.6ملین کرنے کا منصوبہ ہے۔رواں سال کے دوران اس نشانہ کو پار کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ سیاحوں اور دیگر مسافروں کی سہولت کے لئے ہندوستان کے مختلف شہروں سے ہر ہفتہ ملیشین ایر لائنس کی 169پروازیں اڑان بھرتی ہیں۔حال ہی میں ملیشیا نے سیاحوں کے لئے ای ویزا کی سہولت بھی متعارف کروائی ہے۔ سیاحت کے علاوہ شادی، میڈیکل، تجارت اور دیگر زمروں کے لئے ویزا کا انتظام کیا گیا ہے۔