بی جے پی حکومت ہنسورو تعلقہ کونظر انداز کررہی ہے۔ منجوناتھ

RushdaInfotech February 3rd 2023 urdu-news-paper
بی جے پی حکومت ہنسورو تعلقہ کونظر انداز کررہی ہے۔ منجوناتھ

ہنسورو۔2فروری (محمد رفیق) رکن اسمبلی ایچ پی منجوناتھ نے کہا کہ کسی بھی محکمے کے لئے گرانٹ منظور نہ ہونے کی صورت میں ترقیاتی کاموں کی توقع رکھنا فضول ہے۔ بلدیہ ہال میں طلب کردہ کے ڈی پی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے رکن اسمبلی نے ا س خیال کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت ترقیاتی کاموں کو لے کر امتیاز برت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں تعلقہ سطح کے افسروں کی بجائے عملہ حاضر ہونے سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوگا۔ انہو ں نے ہدایت دی کہ افسروں کی جگہ اجلاس میں حاضر عملہ کو واپس روانہ کرکے افسروں کو نوٹس جاری کی جائے۔ انہو ں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے برائے نام راگی اور دھان خریداری مراکز کو قائم کیا لیکن سافٹ ویر میں خرابی کا بہانہ کرکے خریداری پر روک لگادی جس سے کسان پریشان ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر صحت ڈاکٹر کے سدھاکر نے ہنسورو میں تعمیر ہائی ٹیک اسپتال کا دورہ کرکے دسمبر 2022ء تک اسپتال کا افتتاح کرنے کا بیان جاری کیا تھا لیکن آج تک اس پر عمل نہیں کیا گیا۔ انہو ں نے الزام لگایا کہ حکومت ہنسورو تعلقہ میں ترقیاتی کاموں کو نظر انداز کررہی ہے۔ انہو ں نے افسروں کو ہدایت دی کہ ہنگوڑ ہوبلی کے آڈگنہلی گاؤں میں ننگراج نامی شخص کی زمین کا سروے کرنے 15ہزار روپئے رشوت طلب کرنے والے سرویئر جئے کمار کے خلاف کارروائی کی جائے۔انہوں نے بتایا کہ ارس بھون کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، جبکہ انڈور کا تھوڑا کام باقی ہے جس کے لئے 2کروڑ روپئے رقم ہونے کے باوجود اسے مکمل کرکے بھون کا افتتاح نہیں کیا جارہا ہے۔انہو ں نے الزام لگایا کہ جنتادل (ایس) کے رکن اسمبلی کے حلقے کو 45کروڑ، بی جے پی رکن اسمبلی کے حلقے کو 100کروڑ اور کانگریس رکن اسمبلی کے حلقہ کو 10کروڑ روپئے جاری کرکے بی جے پی حکومت امتیاز برت رہی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ سدارامیا کے دور میں ہنسورو کے لئے 2,500کروڑ سے زیادہ گرانٹ منظور کرکے ترقیاتی کام انجام دئے گئے۔ منجوناتھ نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے ہنسورو کے دیہی علاقوں کے لئے منظور 818گھروں کو چکمگلور منتقل کرکے امتیازانہ سلوک کیا ہے۔ اجلاس میں تعلقہ پنچایت اڈمنسٹریٹر نندا، سی ای او منو، منسپل کمشنر مانسا، تحصیلدار ڈاکٹر اشوک، شیرنہلی بسواراج، کانت راج ودیگر حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links