ضلع میں دھوبی گھاٹ کیلئے 2/ایکڑ زمین کو منظوری: ڈاکٹر سدھاکر
چکبالاپور:یکم فروری(نامہ نگار) دھوبی گھاٹ کیلئے حکومت سے 2/ایکٹر زمین فراہم کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت دی گئی وہ فوری اس کی نشاندہی کریں گے۔ اس کے ساتھ یہ طبقہ بہت ہی محنتی ہونے کے سبب استری کٹ بھی فراہم کی جائے گی۔یہ بات مقامی رکن اسمبلی ڈاکٹر کے سدھاکر نے ضلع انتظامیہ کی جانب سے امبیڈکر بھون میں منعقد کئے گئے مڈی والا ماچی دیورا جینتی میں شرکت کرتے ہوئے کہی۔ریاست کے کمزور طبقوں کو طاقتور بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ بسوراج بومئی نے2019-20میں حکومت نے مڈی والا ڈیولپمنٹ کارپوریشن کا قیام کرکے 25 کروڑ کا گرانٹ بھی منظور کیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے دیئے گئے گرانٹ میں 4843مستفیدین نے مختلف سہولیات حاصل کی ہیں۔ چتردرگہ کے مڈی والا مہا سمستھان کیلئے 3 کروڑ روپے کا گرانٹ بھی منظور کیا ہے،اس لحاظ سے حکومت کمزور طبقات کو طاقتور بنانے کے سلسلہ میں کام کررہی ہے اور ضلع میں بھی اس طبقہ کی ترقی کیلئے مختلف کارروائی کی جارہی ہیں۔ دھوبی گھاٹ کے علاوہ مڈی والا ہاسٹل کی تعمیر بھی جاری ہے اس میں تیزی لانے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت دی گئی ہے،اس ہاسٹل کی تعمیر کیلئے 25 لاکھ روپے بھی جاری کئے گئے ہیں مزید 1.75 لاکھ روپے کی مانگ کی جارہی ہے اس پر بھی توجہ دیتے ہوئے ہاسٹل کے تعمیری کام کو پورا کیا جائے گا۔اس موقع پر کھادی بورڈ کے چیرمین کے وی ناگراج،منسپل صدر آنند ریڈی،ڈپٹی کمشنر ین یم ناگراج،کوڈا صدر کرشنا مورتی،ضلع پنچایت سی ای او شیوشنکر،ضلع یس پی ڈی یل ناگیش سمیت کئی اور بھی موجود رہے۔