جمہوری نظام میں انتخابات تہوارکی مانند ہیں: منجوناتھ

ہنسورو-30جنوری(محمدرفیق) رکن اسمبلی ایچ پی منجوناتھ نے کہاکہ انتخابات جمہوری نظام میں تہوارکی مانند ہیں جس کے ذریعہ ہمیں اپنے پسند کے رہنما کو منتخب کرنے کا موقع فراہم ہوتا ہے -یہاں وارڈ نمبر 22/ امین نگر اور وارڈ نمبر23 کے قریشی غفار ٹیم کو جنتادل (ایس) سے کانگریس میں شامل کرنے منعقد پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے منجوناتھ نے اس خیال کا اظہارکیا انہوں نے کہاکہ عوام کو چاہئے کہ ان کے برے وقت میں کام آنے والے رہنما کو منتخب کریں -انہوں نے کہاکہ وہ ذات پات پر یقین نہیں رکھتے اور مسلمانوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے آج کانگریس کو طاقت بخشی ہے انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ سدارامیا نے اپنے دور میں اسکولی بچوں کیلئے مختلف اسکیموں کو جاری کیا اورخواتین کی ترقی کیلئے بھی بے شمار اسکیمیں نافذ کیں -انہوں نے کہاکہ اگر مسلمانوں نے جنتادل (ایس) کو ایک ووٹ دیا تو اس کا مطلب بی جے پی کو 3 ووٹ دینے کے برابر ہے -اس پروگرام میں میسور ضلع ڈی سی سی بینک کے ڈائرکٹر امیت دیورٹی پٹاراجو،ونی تھامس، سرور، غفار، امتیاز،منصوراحمد،ریاض احمد ودیگر حاضر رہے -