بھائرپا کو پدمابھوشن مودی سے نہیں قابلیت پرحاصل ہوا ہے:وشواناتھ

میسور-29 جنوری(سالارنیوز)رکن کونسل ایچ وشواناتھ نے ادیب ایس ایل بھائرپا کے اس بیان کی مذمت کی ہے جس میں انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندرمودی کی وجہ سے ہی انہیں پدمابھوشن ایوارڈ حاصل ہوا ہے - یہاں پترکرترابھون میں طلب کردہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وشواناتھ نے کہاکہ بھائرپا کو ان کے قلم کی وجہ سے پدمابھوشن ملا ہے، مودی کی وجہ سے نہیں -انہوں نے کہاکہ ادیب بھائرپا کو پدمابھوشن ایوارڈ کا حاصل ہونا خوشی کی بات ہے -لیکن اس ایوارڈ کے لئے صرف مودی کو ذمہ دار قرار دینا مناسب نہیں ہے،اس سے بھائرپا کی ساکھ مجروح ہوگی- انہوں نے کہاکہ جب بھائرپا نے لکھنا شروع کیا اس وقت نریندرمودی موجود ہی نہیں تھے لیکن اس بیان سے ان کا مرتبہ کم ہوگا- انہوں نے کہاکہ سابق وزیراعلیٰ ایس ایم کرشنا کو پدمابھوشن ایوارڈ حاصل ہونا خوشی کی بات ہے جنہوں نے اپنے دور حکومت شعبہئ تعلیم میں نمایاں تبدیلیاں کی تھیں - وشواناتھ نے بتایا کہ میسور-بنگلور ایکسپریس کیلئے کالوڈی کرشنا راج کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعظم کو ایس ایم کرشنا کی جانب سے مکتوب روانہ کیا جانا قابل تعریف ہے -انہوں نے کہاکہ رکن پارلیمان پرتاپ سمہا کی جانب سے ایس ایم کرشنا کی تجویز کی مخالفت کرنا مناسب نہیں ہے انہیں ان کی حمایت کی جائے -انہوں نے میسور سے تعلق رکھنے والی انفوسس کی بانی سدھامورتی کو پدمابھوشن، ڈاکٹر قادرعلی اورسبارامن کو پدماشری ایوارڈ سے نوازے جانے پر خوشی کا اظہارکیا - اس موقع پر سابق کارپوریٹر سوم سندرودیگر حاضر رہے -