کولار ضلع میں میڈیکل کالج منظور کرنے وزیراعلیٰ کو پیشکش: ڈاکٹر سدھاکر کے جی ایف کے سرکاری اسپتال میں نئی عمارت کا افتتاح

کے جی ایف:27جنوری (سالارنیوز) ریاستی وزیر برائے صحت وخاندانی بہبود طبی تعلیم ڈاکٹر کے سدھاکر نے کہاکہ کولار ضلع سرحدی علاقہ میں ہونے کی وجہ سے علاقہ کے عوام کی سہولت اور ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کو میڈیکل کالج منظورکرنے کی پیشکش روانہ کی۔ ضلع کے محکمہ صحت وخاندانی بہبود اورانجینئرنگ یونٹ کے جی ایف کے زیراہتمام کے جی ایف سرکاری اسپتال میں ایمرجنسی علاج اور ان پیشنٹ شعبہ کی نئی عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے ڈاکٹر سدھاکر نے یہ جانکاری دی اور کہاکہ کولار ضلع میں میڈیکل کالج کا آغاز ان کا خواب ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس سے قبل ریاست کے 160سے زیادہ تعلقہ ہیڈ کوارٹرس میں صرف 6آئی سی یو کمرے ہوتے تھے لیکن اب ضلع اسپتالوں 50آئی سی یو بیڈ اور ہر تعلقہ اسپتالوں میں 25آئی سی یوکا آغاز کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ اس طرح کولار ضلع مالور، کے جی ایف ملباگل اسمبلی حلقوں میں انسٹی گریٹیڈ پبلک ہیلتھ لیباریٹریز منظورکئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ شہری علاقوں میں بسنے والے غریب مزدور خاندانوں کی صحت کو مد نظر رکھتے ہوئے نماکلینک قائم کئے گئے ہیں جن میں 12طبی خدمات مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بطور وزیر صحت انہوں نے شعبہئ صحت میں نمایاں تبدیل کی ہے۔ ریاست میں 6000نرسنگ طلبہ کو نامزد کیاگیا ہے جس کے تحت ہرسال30ہزار ایم بی سی سی طلبہ کامیاب ہورہے ہیں جب کہ 24ہزار پی جی طلبہ کی نامزدگی سرکاری اسپتالوں میں کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ بی جی ایم ایل میں خدمت انجام دینے والے مزدوروں کو امراض قلب میں مبتلا ہونے کے زیادہ امکانات کے پیش نظر کیات لاگ سی ٹی اسکیان اوردیگر سازوسامان کے جی ایف کیلئے منظور کئے جائیں گے۔ رکن پارلیمان منی سوامی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی اورریاستی حکومتیں کولارضلع کیلئے میڈیکل کالج منظور کریں جس سے علاقہ کے عوام کو سہولت ہوگی۔ انہوں نے بتایاکہ بی جی ایم ایل میں پانی بھرجانے کی وجہ سے افسر اوپن کاسٹ مائننگ پرغورکررہے ہیں اور مرکزی حکومت کی تحویل میں موجود 973/ ایکڑ زمین کو ریاستی حکومت نے واپس حاصل کرلیا ہے جہاں جلد ہی انڈسٹریل ہب تعمیرکیا جائے گا۔ رکن اسمبلی روپا کلاششی دھر نے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ بند کئے گئے پی جی ایم ایل کارخانہ کو دوبارہ شروع کرکے مزدوروں کو راحت فراہم کی جائے۔ پروگرام میں محکمہ صحت کی ڈائرکٹر ڈاکٹر اندومتی، جگدیش، ڈاکٹر سریش کمار، سابق رکن اسمبلی نارائن سوالی، بلدیہ صدر ولل منی سوامی، پی ایل ڈی بینک صدر وینکٹا کرشنا ریڈی ودیگر حاضر رہے۔