ملک میں سماجی برائیوں کے خاتمے کیلئے کوششیں کی جائیں:کرشناریڈی

چنتامنی:27جنوری(منصور احمد) رکن اسمبلی ایم کرشناریڈی نے کہاکہ ملک 74 واں یوم جمہوریہ منارہا ہے۔ آزادی سے پہلے کی بیماریاں جیسے ذات پات، تعصب، اچھوت اور عدم مساوات اب بھی سماج کو گھیری ہوئی ہیں۔ انہوں نے جمعرات کو شہر کے جھانسی رانی لکشمی بائی اسٹیڈیم میں تعلقہ قومی تہوار جشن کمیٹی کے زیر اہتمام یوم جمہوریہ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئین میں مقننہ، عدلیہ اور ایگزیکٹو کے ذریعے ملک کی انتظامیہ ترقی کر رہی ہے۔ اگرچہ آئین میں پریس کا ذکر نہیں ہے لیکن اسے چوتھا عضو سمجھا جاتا ہے۔ ملک میں بہت سے مہاتماؤں اور لوگوں کی جدوجہد اور تحریکوں کے ذریعے آزادی حاصل کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ آزادی کے بعد ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے ملک پر حکومت کرنے کیلئے ضروری قوانین اور ضوابط وضع کئے۔امبیڈکر نے مختلف ممالک کے آئین کا مطالعہ کیا، ان کے بہترین نکات پر غور کیا اور ہمارے ملک کیلئے موزوں ایک عظیم آئین کا مسودہ تیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئین کی بنیاد پر ملک میں گڈ گورننس اور ترقی میں پیشرفت ہو رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ آزادی کو ملک کے دور دراز تک پہنچنے کیلئے، برائیوں پر قابو پانا ضروری ہے۔ مختلف اسکولوں پولیس، این سی سی، ہوم گارڈز کے طلبا کی ٹیموں نے ایک جلوس نکالا اور پرچم کشائی کا استقبال کیا۔ تحصیلدار منی شیام یڈی نے پرچم کشائی کی ایس پی کشال چوکسے، تعلقہ پنچایت ایگزی کیٹو آفیسر روی کمار، میونسپل کونسل چیرپرسن ریکھا امیش، وائس چیرپرسن سہاس ریڈی، میونسپل کمشنر راگھویندر گرو، تالک گورنمنٹ ایمپلائز اسوسی ایشن کے صدر بی جناردھن ریڈی، مختلف محکموں کے عہدیداروں اور میونسپل کونسل کے ارکان نے شرکت کی۔