قادریہ مسجد میں یوم جمہوریہ تقریبات کا اہتمام، حب الوطنی کی اہمیت پر زور

بنگلورو۔26/جنوری(سالار نیوز)شہر بنگلورو کی عیدگاہ قدوس صاحب میں واقع مسجد قادریہ میں یوم جمہوریہ کے موقع قومی پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جمعہ مسجد شیواجی نگر کے امام وخطیب مولانا عبدالقادر شاہ واجد ابولعلائی، جواں سال سیاسی رہنما آر رومان بیگ، عثمان شریف، سکریٹری جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ اور دیگر علماء وعمائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے وطن عزیر کو آزاد کروانے اور اس کے شہریوں کو مساوی حقوق دلانے کے لئے دی گئی قربانیوں کو یاد کیا۔ عثمان شریف نے کہا کہ اس ملک کے آئین کو آج کے دن سے عوام کے لئے نافذ کیا گیا جس کی بدولت ملک کے ہر شہری کو حقوق دئیے گئے ہیں کہ وہ اس ملک میں پوری آزادی کے ساتھ اپنا شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنی زندگی بسرکر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس ملک کے آئین کی قدر کرنی چاہئے اور اس بات کو یقینی بنانا چاہئے کہ آئین کو کمزور کرنے پر تلی ہوئی طاقتوں کا کبھی ساتھ نہ دیں۔ اس موقع پر دیگر شخضیتوں نے بھی اپنے تاثرات پیش کئے۔