پدم ایوارڈز کا اعلان ملائم سنگھ یادو اور ڈاکٹر دلیپ مہالنابیس سمیت 6 کو پدم وبھوشن

RushdaInfotech January 26th 2023 urdu-news-paper
پدم ایوارڈز کا اعلان  ملائم سنگھ یادو اور ڈاکٹر دلیپ مہالنابیس سمیت 6 کو پدم وبھوشن

نئی دہلی:25جنوری(ایجنسی)74ویں یوم جمہوریہ کے موقع پر پدم ایوارڈز کے ناموں کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اس سال اس 106مشہور شخصیات کو ایوارڈ دیا جائے گا، جس میں سے 6لوگوں کو پدم وبھوشن، 9کو پدم بھوشن اور 91لوگوں کو پدم شری ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔یوپی کے سابق وزیر اعلیٰ ملائم سنگھ یادو اور مغربی بنگال کے ڈاکٹر دلیپ مہالنابیس کو(دونوں بعد از مرگ) پدم وبھوشن سے نوازا گیا ہے، جو ہندوستان کا دوسرا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ڈاکٹر دلیپ مہالنا بیس کواو آر ایس کی دریافت کیلئے اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ سرکاری ریلیز کے مطابق مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر مہالنا بیس نے او آر ایس کے وسیع پیمانے پر استعمال کا بیڑا اٹھایا۔ ایسا اندازہ ہے کہ اس سے عالمی سطح پر 50ملین سے زیادہ جانیں بچائی گئی ہیں۔ ڈاکٹر مہالنابیس کا گزشتہ اکتوبر میں کولکاتہ میں انتقال ہوگیا تھا۔نیز طبلہ استاد ذاکر حسین، ایس ایم کرشنا اور سرینواس وردھن کو بھی پدم وبھوشن دیا جائے گا۔ دلیپ مہالنا بیس کے علاوہ ملائم سنگھ یادو اور بال کرشن دوشی کو بعد از مرگ پدم وبھوشن سے نوازا جائے گا۔ وہیں ایس ایل بھیرپا، کمار منگلم برلا، دیپک دھر، وانی جے رام، سوامی چنا جیر، سمن کلیان پور، کپل کپور، سودھا مورتی اور کملیش ڈی پٹیل کو پدم بھوشن سے نوازا جائے گا۔ڈاکٹر سوکاما آچاریہ، جودھیا بائی بیگا، پریم جت بیریا، اوشا برلے، منیشور چند ڈاور، ہیمنت چوہان، بھانو بھائی چتارا، ہیموپووا چوٹیا، نریندر چندر دیببرما(بعد از مرگ)، سبھدرا دیوی، کھدر والی دودیکولا، ہیم چندر گوسوامی، پریتیکانا گوسوامی، اور رادھا چرن گپتا سمیت دیگر کو پدم شری سے نوازا گیا ہے۔خیال رہے کہ پدم ایوارڈز پدم وبھوشن، پدم بھوشن اور پدم شری ملک کے اعلیٰ ترین شہری اعزازات میں سے ہیں۔ 1954 سے ان ایوارڈز کا اعلان ہر سال یوم جمہوریہ کے موقع پر کیا جاتا ہے۔ یہ اعزازات فن، ادب اور تعلیم، کھیل، طب اور سماجی کام کے شعبوں کے کئی گمنام ہیروز کو دئے جاتے ہیں۔


Recent Post

Popular Links