قرآن مجید کی بے حرمتی، ترکیہ کا نیٹو رکنیت کیلئے سویڈن کی حمایت سے انکار

RushdaInfotech January 25th 2023 urdu-news-paper
قرآن مجید کی بے حرمتی، ترکیہ کا نیٹو رکنیت کیلئے سویڈن کی حمایت سے انکار

انقرہ:24جنوری (یو این آئی) سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کے بعد ترکیہ کے صدر رجب طیب اردگان نے سویڈن کو کہا ہے کہ وہ اب نیٹو میں رکنیت کیلئے ترکیہ کی حمایت کی توقع نہ رکھے -ڈان میں شائع رپورٹ کے مطابق یاد رہے کہ ڈنمارک نژاد سوئیڈش کے دائیں بازو کے سیاستدان راسماس پلوڈن نے اسٹاک ہوم میں ہفتے کے دن ترک سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک کے نسخے کو نذر آتش کردیا تھا-خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کابینہ کے اجلاس کے بعد اردگان نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ لوگ جو ہمارے سفارتخانے کے سامنے اس طرح کی بے حرمتی کی اجازت دیتے ہیں وہ نیٹو کی رکنیت کیلئے ہماری حمایت کی توقع نہ رکھیں -انہوں نے سویڈن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ دہشت گرد تنظیموں کے اراکین اور اسلام کے دشمنوں کو اتنا پسند کرتے ہیں اور ان کا تحفظ کرنا چاہتے ہیں تو ہم مشورہ دیں گے کہ آپ اپنے ملک کی سکیورٹی کیلئے انہی سے مدد طلب کریں -ترک صدر نے کہا کہ قرآن کی بے حرمتی کا واقعہ منافرت پر مبنی واقعہ ہے اور آزادی اظہار کی بنیاد پر اس کا دفاع نہیں کیا جا سکتا-ادھر سویڈن کی جانب سے اپنے دائیں بازو کے انتہا پسند رہنما کی جانب سے قرآن نذر آتش کرنے کے واقعے کی شدید الفاظ مذمت کی گئی ہے تاہم انہوں نے اسے آزادی اظہار رائے کا واقعہ قرار دیا ہے -ترکیہ نے اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سویڈن کے سفیر کو طلب کیا تھا اور سویڈن کے وزیر دفاع کے انقرہ کے دورے کو منسوخ کردیا تھا-سویڈن میں قرآن مجید کی بے حرمتی کی پاکستان، سعودی عرب، اردن، کویت سمیت متعدد مسلمان ممالک نے شدید الفاظ میں مذمت کی تھی-یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سویڈن اور فن لینڈ نے گزشتہ سال نیٹو میں شمولیت کیلئے درخواست دی تھی لیکن اس شمولیت کیلئے تمام 30 / اراکین کی منظوری درکار ہوتی ہے -سویڈن کی نیٹو میں شمولیت اور اس سلسلے میں ترکیہ کی حمایت کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا اور قرآن کے نسخے کی بے حرمتی کے بعد ترکیہ اور سوئیڈن کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے ہیں جس سے سویڈن کی نیٹو کی رکنیت کے حصول کی کوششوں کو شدید دھچکا لگا ہے جسے رکنیت حاصل کرنے کیلئے ترکیہ کی لازمی حمایت درکار ہے -


Recent Post

Popular Links