دنیا میں اسلام بہترین اخلاق وانسانیت کی بنیاد پر پھیلا جمعیۃ علماء چکبالاپور ضلع شاخ کے زیر اہتمام عام اجلاس

RushdaInfotech January 24th 2023 urdu-news-paper
دنیا میں اسلام بہترین اخلاق وانسانیت کی بنیاد پر پھیلا جمعیۃ علماء چکبالاپور ضلع شاخ کے زیر اہتمام عام اجلاس

چکبالاپور-23جنوری(محمدجیلانی)اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی عبادت کے ساتھ انسانیت کے کام آنے کیلئے بھی پیدا کیا ہے-اسلام بہترین اخلاق و انسانیت کی بنیاد پر پھیلا ہے-اسلام کی شروعات شہر مکہ میں ہونے کے باوجود ساری دنیا میں جس طرح سے پھیلا وہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم کے حسن و اخلاق کی بدولت سے پھیلا -ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علما کرناٹک کے صدر مولانا مفتی افتخار احمد قاسمی نے شہر کی عیدگاہ میدان میں جمعیۃ علما ضلع شاخ کی زیر نگرانی منعقد کئے گئے عام اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-مولانا نے کہا کہ جس کے اندر ہمدردی کا جذبہ ہوگا،انسانوں کی تکالیف کا احساس پیدا ہوگا وہی انسان کہلانے کے قابل سمجھا جائے گا-مفتی صاحب نے کہا کہ دنیا میں کئی مذاہب ہیں اور انسانوں کے بنائے ہوئے بھی چند مذاہب ہیں -مگر دین اسلام اللہ کی طرف سے بھیجا گیا مذہب ہے-وہ کلام جس میں انسانی زندگی کے ہر پہلو کا حل ملتا ہے-ایسے مذہب کے ہم سبھی ماننے والے انسانیت کی خدمات کو ترجیح دیتے ہوئے دیگر لوگوں کے درمیان اپنے اخلاق کی بدولت دوسرے مذاہب کے لوگوں کا دل جیتنے کی کوشش کرنی چاہئے - ہمارے اچھے اخلاق،طور طریقہ سے لوگوں کے دلوں میں نرمی پیدا ہوسکے گی-مولانا مفتی شمسی الدین صاحب بجلی قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علما کرناٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج ہم سب جمعیت کے نام پر جمع ہوئے جو بہت ہی مسرت کی بات ہے-جمعیت کے مختلف شعبے ہیں جن میں اہم لیگل سیل ہے جو بے قصور نوجوان کو ٹاڈا و یو اے پی اے کے تحت گرفتار کیا جاتا ہے ان کی رہائی کیلئے اپنے وکلا کڑی محنت و مشقت کررہے ہیں -مولانا نے کہا کہ ہر ایک علاقہ میں اصلاح معاشرہ کی جانب توجہ دینی چاہیے جس سے معاشرہ کی اصلاح بھی اپنی ذات و گھر سے شروع کرنی چاہئے-جمعیت سے جڑے افراد بھی اس سلسلہ میں توجہ دیں اور اپنے ہر کام کو شرعی طور کریں، شادی بیاہ سمیت ہر کام سنت نظام کے تحت کریں -بے حیائی و بے پردگی کے سلسلہ میں بھی سب توجہ دینی چاہئے- انہوں نے بتایا کہ آج جو مختلف یونٹس نے اپنی اپنی کارگذاری پیش کی ہے اس سے دوسروں میں بھی خدمت کرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے-اس کے علاوہ لڑکیوں کی تعلیم کے اگر اپنے اسکول بنالئے جائیں تو بہت ہی مفید ہوسکے گا-انہوں نے باگے پلی یونٹ کی جانب سے کی گئی بہتر کارکردگی کی تعریف بھی کی اور کہا کہ یہ ایک منظم اور ماڈل یونٹ کے طور پر اپنی خدمات انجام دے رہی ہے-حافظ سید عاصم اللہ سکریٹری جمعیت علما کرناٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعیت دو بنیادی کام کرنے کی طرف توجہ دے رہی ہے جو خدمت انسانیت اور تعلیم،جمعیت کا ایک نعرہ یہ ہے کہ ہر آبادی میں مکتب قائم کرو-امت کے ہر بچہ کو مکتب سے جوڑو-اس طرح جمعیت ہندوستان کے ساتھ ساتھ دوسرے ممالک میں بھی اپنی خدمات انجام دے رہی ہے-گجرات میں چلڈرن ولیج کے نام سے اسکول چلائی جارہی اور جمعیت اوپن اسکول جو ایک تاریخ ساز اقدام ہے جہاں ڈراپ آؤٹ ہزاروں کی تعداد میں بچے اپنی تعلیم جاری رکھتے ہوئے دسویں جماعت پاس کرنے کے بعد اعلیٰ تعلیم کو جاری رکھے ہوئے ہیں -مفتی محمد حسین صاحب صدر جمعیۃ علما بنگلور نے جمعیت علما کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہر مسلم فرد کو جمعیت علما کی تاریخ کو جاننا ضروری ہے کیونکہ یہ ایک سو سال سے زائد پرانی آزادی کی جدوجہد کیلئے نومبر 1919میں شروع ہوئی تنظیم ہے- اس موقع پر ضلع چکبالاپور کی منظم و ماڈل یونٹ باگے پلی کے جانب سے عادل خان نے اپنی کارگذاری پیش کی اور ساتھ ہی کولار و مالور کے ذمہ داروں نے بھی اپنی اپنی کارگذاری پیش کی- چکبالاپور ضلع شاخ کے صدر مفتی محمد سلیم نے مہمانوں کا استقبال کیا-جنرل سکریٹری مفتی عبدالباری نے نظامت کے فرائض انجام دے- مولانا عبد الستار شریف نے جمعیت علما کا ترانہ پڑھا-عام اجلاس سے پہلے مہمانوں کی آمد پر جمعیت علما کی پرچم کشائی عمل میں آئی-اس عام اجلاس میں چکبالاپور،کولار،و بنگلور سے کثیر تعداد میں لوگ شریک رہے اورجلسہ کو کامیاب بنایا، اس کی جلسہ کی کامیابی کیلئے شہر کے نوجوانوں نے بہت ہی محنت و مشقت کی تھی-


Recent Post

Popular Links