بی جے پی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو آگاہ کرنے کانگریس کی جانب سے عوامی آواز کا پروگرام

RushdaInfotech January 22nd 2023 urdu-news-paper
بی جے پی حکومت کی ناکامیوں سے عوام کو آگاہ کرنے  کانگریس کی جانب سے عوامی آواز کا پروگرام

چکبالاپور:21جنوری(نامہ نگار)ریاست کی بی جے پی حکومت ہر ممکنہ طور پر پیچھے کے دروازہ سے اقتدار حاصل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ریاست بھر میں ووٹر لسٹ سے33لاکھ ووٹروں کا نام نکال دیا ہے جبکہ23لاکھ نئے ووٹرس کو ووٹر لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے۔اس بارے میں الیکشن کمیشن سے شکایت کی گئی ہے۔کانگریس پارٹی نے اپنے انتخابی منشور میں اعلان کئے گئے تمام وعدوں کے ساتھ ساتھ مزید وعدوں کو جاری کیا ہے جبکہ بی جے پی کی مرکزی و ریاستی حکومتوں نے اپنے انتخابی منشور میں اعلان کئے گئے وعدوں کو عملی طور پر جاری نہیں کیا ہے۔بی جے پی کی ہائی کمان ہٹلر کی مانند ہے اور سو بار جھوٹ بول بول کر جھوٹ کو سچ بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔یہ تمام الزامات سابق رکن پارلیمان و پارٹی سینئر لیڈر وی یس اگرپا نے یہاں کے پریس کلب میں طلب کی گئی پریس کانفرنس میں عائد کئے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی حکومتوں کی ناکامیوں اور عوام مخالف پالیسیوں کے بارے میں عوام میں بیداری لانے کیلئے کانگریس پارٹی کے تمام لیڈرس اتحاد کے ساتھ ضلع سطح پر پرجا دھونی یاترا شروع کئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ریاست کی حکومت ہر سطح پر ناکام ہو گئی ہے۔عوام بھی اس حکومت سے بیزار و تنگ آچکے ہیں۔ ریاست بھر میں کانگریس پارٹی کے حق میں لہر شروع ہوگئی ہے جسکی بدولت بی جے پی پارٹی پریشان ہو کرہر جگہ اتسوا کے نام سے عوام کی ٹیکس رقم کا غلط استعمال کرکے سیاسی طور پر فائدہ حاصل کرنے کی کوشش میں لگی ہوئی ہے،اس سلسلہ میں ریاست کے عوام بھی بہت سنجیدگی کے ساتھ اس حکومت کے کام کاج پر نظر رکھے ہوئے ہیں،وہی عوام اس حکومت کو سبق سکھاتے ہوئے اقتدار سے بے دخل کردیں گے۔اگرپا نے مقامی رکن اسمبلی و وزیر سدھاکر کی جانب سے کانگریس پارٹی کے لیڈروں پر کی جانے والی تنقید پر کہا کہ سدھاکر کو یہ کبھی نہیں بھولنا نہیں چاہئے کہ جب ان کو کوئی سیاسی مقام نہیں تھا تو اس وقت کانگریس نے ہی ان کو سیاسی طور پر ابھرنے کا موقع دیا تھا اس کے باوجود سدھاکر اپنے آپ کو ایک قومی و ریاستی سطح کا لیڈر سمجھ کر بات کر رہے ہیں اور ان کی زبان لمبی ہوتی جا رہی ہے۔سیاست میں کوئی بھی مقام اور وقت قائم نہیں رہتا،سدھاکر اور بی جے پی والے یہ سمجھ رہے ہیں کہ ان کے بالمقابل کوئی طاقتور امیدوار ہی نہیں ہے،یہ ان کا سوچنا غلط ہے سدھاکر کے بالمقابل تو یہاں کے ووٹرس ہی ان کے طاقتور امیدوار ہیں اس لئے کہ یہاں جو کچھ بھی اقتدار کا غلط استعمال ہورہا ہے وہ سبھی آئینہ کی طرح دکھائی دے رہا ہے یہی ووٹر ہی انکو سبق سکھائیں گے۔شہر کی مضافات میں واقع کے وی کیمپس کے قریب پرجا دھونی یاترا کا عوامی جلسہ23جنوری بروز پیر دوپہر3بجے منعقد ہے۔جس میں ریاست کے پارٹی انچارج سرجیوالا،کے پی سی سی صدر ڈی کے شیوکمار،سی ایل پی لیڈر و سابق وزیر اعلیٰ سدرامیا کے علاوہ ضلع و ریاست کے اعلیٰ لیڈر شرکت کریں گے۔


Recent Post

Popular Links