شہر کے تعلیمی اداروں کیلئے جائیداد ٹیکس کی رعایت ختم؟ بی بی ایم پی ایکٹ2020کے تحت اب مکمل ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔اسپیشل کمشنر

RushdaInfotech January 21st 2023 urdu-news-paper
شہر کے تعلیمی اداروں کیلئے جائیداد ٹیکس کی رعایت ختم؟  بی بی ایم پی ایکٹ2020کے تحت اب مکمل ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔اسپیشل کمشنر

بنگلورو۔20جنوری(سالار نیوز) ڈونیشن کے نام پر والدین سے لاکھوں روپئے وصول کرنے کے باوجود تعلیمی خدمت کی آڑ میں بروہت بنگلور مہا نگر پالیکے(بی بی ایم پی) کو جائیداد ٹیکس ادا کر نے سے رعایت حاصل کرنے والے تعلیمی اداروں کو اب مکمل ٹیکس ادا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اطلاع کے مطابق شہر کے ہزاروں تعلیمی اداروں کو اس سے قبل بی بی ایم پی میں جاری کرناٹک منسپل کارپوریشن ایکٹ1976(کے ایم سی) کے تحت جائیداد ٹیکس میں 75فیصد رعایت دے کر صرف25فیصد ٹیکس عائد کیا جا تاتھا۔تا ہم گزشتہ سال سے بی بی ایم پی ایکٹ 2020جاری کیا گیا ہے، جس کے تحت صرف مذہبی مقصد کے استعمال کرنے والے مقامات کے لئے ہی جائیداد ٹیکس میں رعایت دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ حکو مت کی جانب سے منظور شدہ مفت تعلیم فراہم کرنے والے اسکول،یتیم خانے،گونگے اور بہروں کے آشرم کو ہی جائیداد ٹیکس میں رعایت حاصل ہو گی،جبکہ دیگر اداروں کو دی گئی رعایت واپس لے لی گئی ہے۔ اس طرح شہر کے تقریباً تمام تعلیمی اداروں کو مکمل جائیداد ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔بتا یا جا تا ہے کہ شہرکے اکثر تعلیمی اداروں کو بی بی ایم پی کے نئے ایکٹ کے مطابق صد فیصد جائیداد ٹیکس ادا کرنے کی جانکاری نہیں ہے،اس لئے قدیم طرز کے تحت 25فیصد ٹیکس ہی ادا کر رہے ہیں۔بتا یا جا تا ہے کہ اب بی بی ایم پی شعبہ محصولات کے افسران نے تعلیمی اداروں کی جانب سے ادا ٹیکس کا جائزہ لینا شروع کیا ہے، جس میں پتا چلاہے کہ ابتک54تعلیمی اداروں نے رواں سال 25فیصد جائیدادٹیکس ادا کیا ہے اور ان اداروں کو نوٹس جاری کر کے مکمل ٹیکس ادا کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ بتا یا جا تا ہے کہ اس سے قبل75فیصد رعایت دینے کے باوجود تعلیمی اداروں نے جائیداد ٹیکس ادا نہیں کیا ہے، ان تعلیمی اداروں کی جانب سے بی بی ایم پی کو 19.31کروڑروپئے جائیداد ٹیکس کے طورپر واجب الادا ہیں،جس کی وصو لی کے لئے تمام اداروں کو نوٹس جاری کیا جارہا ہے۔ بی بی ایم پی کے ایک افسر نے بتا یا کہ پتا چلا ہے کہ شہر کے تقریباً50سے زیادہ تعلیمی اداروں نے بی بی ایم پی کو کئی سال سے جائیداد ٹیکس ادا نہیں کیا ہے،ان اداروں کا پتا لگایا جا رہا ہے۔ اس سلسلہ میں بی بی ایم پی شعبہ محصولات کے اسپیشل کمشنر آر ایل دیپک نے بتا یا کہ بی بی ایم پی ایکٹ2020کے تحت تعلیمی اداروں کے لئے پچھلی رعایت برقرار نہیں رکھا جا سکتا،اس لئے تعلیمی اداروں کو مکمل جائیداد ٹیکس ادا کرنا نا گزیر ہے۔


Recent Post

Popular Links