وزیراعظم نے کانگریس پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا کرناٹک میں مودی نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا

RushdaInfotech January 20th 2023 urdu-news-paper
وزیراعظم نے کانگریس پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا کرناٹک میں مودی نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا

یادگیر۔19جنوری (سالارنیوز) ریاست کرناٹک میں اسمبلی انتخابات سے قریب وزیراعظم نریندر مودی نے کانگریس پر حملوں کا سلسلہ شروع کردیا ہے۔آج جمعرات کے دن یادگیر ضلع کے کوڈیکل دیہات میں ایک عوامی ریلی کو خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ کرناٹک کے شمالی علاقوں کی پسماندگی کے لئے پچھلی حکومتیں ذمہ دار ہیں۔ شمالی کرناٹک کی پسماندگی کے لئے پچھلی حکومتوں کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے مودی نے کہا کہ شمالی کرناٹک علاقوں میں بھی ویسی ہی سہولتیں ہونی چاہئیں جو ریاست کے دیگر علاقوں میں ہیں،لیکن پچھلی حکومتوں نے ان علاقوں میں بنیادی ڈھانچے، پانی، سڑکیں اور بجلی فراہم کرنے کے لئے سوچنے کی بھی زحمت نہیں کی۔ شمالی کرناٹک علاقوں کی تیز رفتار ترقی کے لئے کرناٹک کے وزیراعلیٰ بسواراج بومئی اوران کی ٹیم کی جانب سے ہورہے کام کی ستائش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ آنے والے دنوں میں ان علاقوں کی بھرپور ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی غلطیوں سے ہمیں بہت سیکھنے کی ضرورت ہے۔شمالی کرناٹک کو پسماندہ علاقہ قرار دے کر پچھلی حکومتوں نے اپنے ہاتھ دھولئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی معلوم کرنے کی زحمت نہیں کی۔وہ صرف اپنی ووٹ بینک سیاست پر توجہ دیتے رہے۔لیکن ہماری ترجیح ووٹ بینک سیاست پر نہیں۔ہماری ترجیح صرف ترقی اور ترقی پر ہے۔اپوزیشن پر مزید حملہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی نگاہیں صرف ذات پات اور مذہب کی بنیاد پر ووٹوں پر ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جب تک ملک کے ہر ضلع کی ترقی نہیں ہوتی ملک کی ترقی نہیں ہوگی۔ یادگیر بھی ان ٹاپ10/اضلاع کے درمیان ہے۔مودی نے آج کرناٹک کے کلبرگی اور یادگیر اضلاع میں 10800 کروڑ روپے کے آبپاشی، پینے کے پانی اور سڑک کی ترقی کے منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھا۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے گھروں میں گھریلو نل کنکشن کے ذریعہ محفوظ اور مناسب مقدار میں پینے کاپانی دستیاب کرانے کے مقصد سے کوڈیکل جل جیون مشن کے تحت یادگیر ملٹی ولیج پینے کے پانی کی فراہمی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس اسکیم کے تحت 117 ایم ایل ڈی کا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا۔ 2050 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت کے اس پروجیکٹ سے 700 سے زیادہ دیہی بستیوں اورضلع یادگیر کے تین قصبوں کے تقریباً 2.3لاکھ گھروں کو پینے کا پانی فراہم کرایاجائے گا۔ مودی نے نارائن پور لیفٹ بینک کینال - ایکسٹینشن رینوویشن اینڈ ماڈرنائیزیشن پروجیکٹ (این ایل بی سی- ای آر ایم) کا بھی افتتاح کیا۔ 10 ہزار کیوسک کی نہر کی گنجائش والا یہ منصوبہ 4.5 لاکھ ہیکٹر کمانڈ ایریا کو سیراب کر سکتا ہے۔ کلبرگی، یادگیر اور وجئے پورہ اضلاع کے 560 گاؤں کے تین لاکھ سے زیادہ کسانوں کو اس کا فائدہ ملے گا۔ اس پروجیکٹ کی کل لاگت تقریباً 4,700 کروڑ ہے۔انہوں نے این ایچ-150سی کے 65.5 کلومیٹر سیکشن کاسنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ چھ لین کا گرین فیلڈ روڈ پروجیکٹ سورت-چنئی ایکسپریس وے کا حصہ ہے۔ یہ تقریباً 2000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے۔اس مہینے میں وزیر اعظم کا ریاست کا یہ دوسرا انتخابی دورہ ہے۔ اس سے پہلے 12 جنوری کو وہ نیشنل یوتھ فیسٹیول کا افتتاح کرنے ہبلی گئے تھے اور اس دوران انہوں نے ایک بہت بڑا روڈ شو بھی کیا تھا۔ریاست میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے اس سال مئی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظرکل 224 سیٹوں میں سے کم از کم 150 سیٹیں جیتنے کا ہدف رکھا ہے۔اس تقریب میں کرناٹک کے گورنر تھاورچند گہلوت، وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی، کیمیکل اور کھاد کے مرکزی وزیر مملکت بھگونت کھوبا، کئی ریاستی کابینہ کے وزراء، قانون سازوں اور عہدیداروں نے شرکت کی۔


Recent Post

Popular Links