بنگلور- میسور کے درمیان اولین کے ایس آر ٹی سی الیکٹرک بس سرویس شروع بس کی ٹکٹ شرح 300روپئے،سفر2.15گھنٹوں میں مکمل

بنگلورو17جنوری(سا لار نیوز) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) الیکٹرک”ای وی۔پاؤر پلس“ پہلی بس سرویس بنگلور- میسور کے درمیان16 جنوری سے شروع کی گئی۔مذکورہ بس صرف 2.15گھنٹوں میں کامیابی کے ساتھ اپنی منزل طے کی ہے۔ کے ایس آر ٹی سی کی الیکٹرک بس پر سوار ہونے کے لئے مسافر کئی دنوں سے انتظار کر رہے تھے۔شہر سے میسور روانہ ہو ئی الیکٹرک بس میں تمام سیٹیں بھری ہو ئی تھیں۔ شہر کے کیمپے گوڈا بس اسٹانڈ میں ڈپٹی کمشنرچندر شیکھر اور ڈویزنل کنٹرولر لکشمن نے بس کو ہری جھنڈی دکھا ئی۔ اس دوران انہوں نے مسافروں کا خیر مقدم کیا۔صبح7.35بجے شہر سے روانہ ہو ئی کے ایس آر ٹی سی الیکٹرک بس 9.45بجے میسور پہنچی،جبکہ دو پہر12.10بجے میسور سے روانہ ہو ئی بس2.45بجے شہر پہنچی۔بس پر جملہ35مسافر سوار تھے۔ بنگلور -میسور کے درمیان روانہ ہو ئی الیکٹرک بس نان اسٹاپ رہی۔بس میں ٹکٹ شرح300روپئے مقرر کی گئی ہے۔اس موقع پر ڈی سی لکشمن نے بتا یا کہ اگلے تین ماہ کے دوران کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن(کے ایس آر ٹی سی) کے لئے 50 الیکٹرک”ای وی۔پاؤر پلس“ بسیں حاصل کی جائیں گی اور 300کلومیٹر کے حدود میں الیکٹرک بسوں کوچلایا جائے گا۔