مسلمان ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندارج میں غفلت نہ برتیں مفتی افتخار قاسمی، مولانا مقصود عمران، مولانا شبیر ندوی سمیت دیگر علمائے کرام کی اپیل

RushdaInfotech January 18th 2023 urdu-news-paper
مسلمان ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندارج میں غفلت نہ برتیں  مفتی افتخار قاسمی، مولانا مقصود عمران، مولانا شبیر ندوی سمیت دیگر علمائے کرام کی اپیل

بنگلورو۔17/جنوری(سالار نیوز)امسال ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کی تیاریاں جہاں انتظامیہ کی سطح پر جاری ہیں وہیں ووٹر لسٹوں کا قطعی مسودہ منظر عام پر آنے کے بعد اس میں ناموں کے اندارج کے لئے الگ الگ سطح پر کام کی شروعات ہونے جا رہی ہے۔ اس کام کے بارے میں عوامی بیداری لانے کے لئے منگل کے روز مسجد قادریہ میں شہر کے معروف علمائے کرام نے ایک اخباری کانفرنس کا اہتمام کیا اور انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندارج پر توجہ دیں اور ساتھ ہی اس بات کو یقینی بنائیں کہ انتخابات میں ہماری ووٹنگ سب سے زیادہ ہو۔ مفتی افتخار احمد قاسمی، صدر جمعیت العلماء کرناٹک، مولانا مقصود عمران رشادی، خطیب وامام جامع مسجد بنگلورو سٹی،مولانا محمد شبیر ندوی، رکن آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ اور مولانا سید عاصم نے اس اخباری کانفرنس میں مسلمانوں سے گزارش کی کہ وہ ووٹر لسٹ کی جانچ کرلیں اور اگر یہ پتاچلے کہ اس لسٹ میں نام نہیں ہے تو فوری طور پر اس لسٹ میں اپنا نام درج کروانے کی کوشش کریں۔ ان علمائے کرام نے اس بات پر زور دیا کہ ہم خیال اور سکیولر ذہن رکھنے والے برادران وطن کے ساتھ رشتوں کو مضبوط کریں اور ووٹر لسٹوں میں صرف اپنے ناموں کے اندارج کی فکر نہیں بلکہ ان طبقات کے ناموں کے اندارج پر بھی توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ جن مسلم نوجوانوں کی عمر 18سال ہو چکی ہے یا عنقریب ہونے والی ہے وہ بھی ووٹر لسٹوں میں اپنے ناموں کا اندارج کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس کام میں علمائے کرام، ائمہ مساجد اور ذمہ داران مساجد کو بھی بڑھ چڑھ کر ووٹر لسٹوں میں ناموں کے اندراج کے کام کو آگے بڑھانا چاہئے۔ ہر محلے میں ایک دو تعلیم یافتہ نوجوان کی جو کمپیوٹر کے استعمال سے واقف ہوں، خدمات حاصل کر کے ان کے ذریعے ووٹر لسٹوں میں نام درج کروانے کا کام کیا جا نا چاہئے۔ان علمائے کرام نے کہا کہ اس کام میں اگر غفلت برتی گئی تو آنے والے دنوں میں پریشانیوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔اس موقع پر جمعہ مسجد ٹرسٹ بورڈ کے سکریٹری عثمان شریف بھی حاضر رہے۔


Recent Post

Popular Links