مسلمان جب تک اپنے مذہب کو نہ جانے وہ نام کا مسلمان ہے:مفتی افتخاراحمدقاسمی
بنگلورو:16جنوری (راست)”نام کا مسلمان اللہ کو مطلوب نہیں ہے جب تک مسلمان کو یہ نہ معلوم کہ یہ جو کلام پاک ہے کس کا کلام ہے،کس پر نازل کیا گیا ہے، کس کے ذریعے نازل کیا گیا ہے۔جن پر یہ کتاب نازل ہوئی ہے وہ ہمارے کون ہیں“ اللہ نے جو کتاب نازل کی ہے اس میں کیا احکام دیئے گئے ہیں۔ ان سب چیزوں کو جب تک نہ جانے وہ نام کا ہی مسلمان ہے -سورہئ فاتحہ یا د نہیں پھر بھی مسلمان ہے“۔ ان باتوں کا اظہار مولانا مفتی افتخار احمدقاسمی صدرجمعیت علماء کرناٹک نے مدرسہ دارالقرآن مسجد ابوہریرہؓ بی کے نگر یشونت پور میں مکتب کے افتتاح کے موقع پرکیا-مولانا نے کہا کہ ایک جگہ مسجد میں ممبر بننے کے لئے دوڑ لگ رہی تھی کہ میں ممبر بنوں گا، سب ممبر بننے کے لئے لڑائی پر آمادہ ہوگئے تھے، تب مجھے لے جایا گیا تو میں نے سارے حضرات سے کہاکہ جس بھائی کو ثناء سے لے کر دعائے قنوت تک اورسورہئ فاتحہ اورسورہ یاد ہو وہ ممبر بنے گا -نہایت ہی افسوس کے ساتھ کہنا پڑرہا ہے کہ صرف دو آدمی سامنے آئے، باقی سب خاموش ہوگئے - یہ ہے ہماری مسجدوں کے ذمہ داروں کا حال، اللہ رحم فرمائے۔ اس لئے علماء چیخ چیخ کر جلسوں اورممبروں سے کہہ رہے ہیں کہ دینی تعلیم حاصل کرو، مکتب سے اپنے بچوں کو جوڑو-یاد رکھو مسلمانو! کہیں ایسا نہ ہوکہ ہمارے بچے قیامت کے دن ہمارا گریبان پکڑ کر بولے کہ آپ نے مجھے دنیاوی تعلیم دی مگر دینی تعلیم نہیں دی،تب ہمارا کیا حال ہوگا- میں مبارکباد دیتا ہوں حاجی منور شریف کو کہ وہ یشونت پور میں دینی تعلیم کو لے کر بہت فکر مند ہیں۔مسجدوں کے ذمہ داروں کو لے کر اکثر جگہ مکتب قائم کررہے ہیں -اللہ ان کو اورسارے ذمہ داروں کو جزائے خیر عطا فرمائے-اس سے پہلے جامع مسجد سٹی مارکیٹ کے امام وخطیب مولانا مقصود عمران نے کہا کہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کیجئے، خاص کر اپنی لڑکیوں کو کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لڑکیاں غیروں کے جال میں پھنس کر اپنی آخرت برباد کرلیتی ہیں۔ اس کے ذمہ دار ہم ہیں،کیونکہ ان بچیوں کو ہم نے اسلامی تعلیم نہیں دی -یاد رکھو مسلمانو! چند کوڑیوں کے چکر میں ہم اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم تو دیتے ہیں مگر دینی تعلیم کی طرف متوجہ نہیں کی تو قیامت کے دن ہم پکڑے جائیں گے -اللہ ہم سب کی حفاظت فرمائے -جلسے کی صدارت منور شریف نے اورنظامت قاری نوراللہ شریف کاشفی نے کی اورجلسے میں شریک علمائے کرام مولانا ثابت احمدخان رشادی، امام مسجد لبابین،شیواجی نگر، مولانا اقبال رشادی، مولانا حسین اور مولانا فرقان شریک رہے اورقرب وجوار کے بہت سارے علمائے کرام موجود تھے -کلمات تشکر مولانا ہمایون رشادی نے پیش کئے۔ آخر میں حافظ نوراللہ شریف کاشفی نے تمام ذمہ داروں کا شکریہ ادا کیا-جلسے میں جامع مسجد یشونت پور،مسجد معینینہ صوبے دار پالیہ،مسجد حسنین موہن کمار نگر اورمسجد ابوہریرہؓ بی کے نگر کے تمام ذمہ داروں نے شرکت کی-